لکھنؤ،: پہاڑی علاقوں میں ہو رہی برفباری کی وجہ سے اتر پردیش کے میدانی علاقوں میں چل رہی سرد ہواؤں نے لوگوں کے لئے مشکلات پیدا کردی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آج یہاں یواین آئی کو بتایا کہ ریاست کے زیادہ تر حصوں میں چل رہی برفیلی ہواؤں کی وجہ سے درجہ حرارت میں کافی کمی آئی ہے ۔ زیادہ سے زیادہ اور کم از کم درجہ حرارت میں فرق کم ہونے کی وجہ سے سردی کا زیادہ احساس ہو رہا ہے ۔ اسکا کہنا ہے کہ ریاست کے زیادہ تر مقامات پر ہوائیں چلتی رہیں گی۔ اس سے کہرا گھنا ہونے لگا ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہونے کی پیش گوئی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی آسمان میں شام ڈھلتے ہی ریاست کے زیادہ تر مقامات پر کہرے کے گھنے ہونے کے آثار ہیں۔اتر پردیش کے زیادہ تر میدانی علاقوں میں آج بھی دن بھر چلی سرد ہوا نے دھوپ کو بے اثر کر دیا لوگوں کو سخت سردی کا احساس ہوا۔ کہرے اور دھند کی وجہ سے صبح شام سڑک، فضائی اور ریل آمدورفت متاثر ہو رہی ہے ۔