مرادآباد:اترپردیش میں ریاستی اور منظور شدہ پالی ٹیکنک میں سالانہ امتحان میں اچھے نمبر حاصل کرنے والی تین تین طالبات کو دس دس ہزار روپے کی اسکالرشپ دی جائے گی۔
سرکاری ذرائع نے آج یہاں یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ریاست کے پالی ٹیکنک اداروں کی جانب طالبات کو متوجہ کرنے کے لئے ریاستی حکومت نے ”سکشم بالیکا سمپن پریوار”یوجنا شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ اس منصوبہ کے تحت ہر ایک ریاستی اور پالی ٹیکنک کے تمام نصاب میں سالانہ امتحان کی ٹاپر تین تین طالبات کو دس دس ہزار روپے بطور اسکالر شپ دئے جائیں گے ۔
ذرائع نے بتایا کہ پہلے سال میں ٹاپ کرنے والی طالبہ کو دوسرے سال کے لئے اور دوسرے سال میں ٹاپ کرنے والی طالبہ کو تیسرے سال میں پڑھائی کے لئے اسکالر شپ ملے گی۔ذرائع نے بتایا کہ پالی ٹیکنک اداروں میں طالبات کے لئے فراہم سیٹوں کی بہ نسبت داخلہ لینے والوں کی تعداد کافی کم ہے ۔ذرائع کے مطابق اسے بڑھانے کے لئے ”سکشم بالیکا-سمپن پریوار”یوجنا شروع کی جارہی ہے ۔