الہ آباد : الہ آباد ہائی کورٹ نے اترپردیش پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین انیل یادو کی تقرری کو آج غیر قانونی قرار دیتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹائے کا حکم دیا ہے ۔ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جج یشونت ورما کی بنچ نے مسٹر یادو کی اس عہدے پر تقرری کو آئینی دفعات کے خلاف بتایا ہے ۔
مسٹر یادو کی اتر پردیش پبلک سروس کمیشن کے عہدے پر تقرری کو منسوخ کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے مسٹر یادو کی تقرری میں قوانین پر عمل نہیں کیا گیا۔ ہائی کورٹ نے اس کے ساتھ ہی اس معاملے میں دائر تمام درخواستوں کا نمٹارہ کر دیا۔ اس سے پہلے 22 ستمبر کو الہ آباد ہائی کورٹ نے اترپردیش اعلی تعلیم سروس کمیشن کے صدر لال بھاري پانڈے کو ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ اس معاملے میں بھی ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ مسٹر پانڈے اس عہدے کے لئے اہلیت نہیں رکھتے ہیں اور ان کی تقرری میں قوانین پر عمل نہیں کیا گیا۔