مرادآباد:اترپردیش میں ‘کلین اسکول، گرین اسکول’ منصوبہ کے تحت100 سرکاری بوائز اینڈ گرلز انٹر کالجوں میں اسمارٹ کلاس کی شروعات کی جائے گی۔ سرکاری ذرائع نے آج یہاں یو این آئی کو یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ریاست کی حکومت سرکاری اسکولوں میں بھی امتیاز یافتہ پرائیویٹ اسکولوں کی طرح ہی جدید سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے 100 سرکاری بوائز اینڈ گرلز انٹر کالجوں میں اسمارٹ کلاس شروع کرنے کے ساتھ ان میں سولر پاور سسٹم جیسے بنیادی ڈھانچہ کی سہولیات بھی مہیا کرائی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق اس منصوبہ کے تحت منتخب ہونے والے ہر اسکول کو ریاستی حکومت کی طرف سے 50 لاکھ روپے کا بجٹ جاری کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ریاست کے محکمہ ثانو ی تعلیم نے اس کے استعمال کے لئے محکمہ خزانہ سے اجازت طلب کی ہے ۔ تمام منتخب اسکولوں کو اس ماہ کے دوران فنڈ بھیجنے کا منصوبہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت اسکولوں کو دی جانے والی رقم کے استعمال کے لئے بھی ضابطوں کا تعین کر د یا گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ منظور شدہ رقم میں سے دس لاکھ روپے فرنیچر پر 20 لاکھ روپے اساتذہ کی بحالی اور 20 لاکھ روپے ا سمارٹ کلاس اور دیگر سہولیات پر خرچ کئے جائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ اسمارٹ کلاسو میں کمپیوٹر اور پروجیکٹر کے ذریعے بچوں کو پڑھایا جائے گا۔ اس کے لئے نصاب سے متعلقہ مواد کی سافٹ ویئر بھی فراہم کی جائے گی۔اس کے علاوہ بلار وکاوٹ بجلی کی سپلائی کے لئے پانچ کے وی کا سولر پاور سسٹم اسکولوں میں لگایا جائے گا۔