نائجیریا،نائجیریا کے شہر داماساک میں ایک اجتماعی قبر سے سو لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ چاڈ اور نائجر کی افواج نے اس شہر کو حال ہی میں اسلام پسند تنظیم بوکو حرام کے قبضے سے آزاد کرایا تھا۔
خبررساں ادارے نے چاڈ کی فوج کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ شہر کے نواحی علاقے میں کم ازکم سو لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان میں سے کچھ لاشیں خراب بھی ہو چکی ہے۔ نائجر اور چاڈ کی فوج نے ہمسایہ ملک نائجیریا میں کارروائی کرتے ہوئے داماسک کو نو مارچ کے دن آزاد کرایا تھا۔ قبل ازیں اس شہر پر شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے جنگجوؤں نے قبضہ کر رکھا تھا۔ چاڈ کی فوج کے ترجمان کرنل
اعظم برمانڈو آگونا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ غالبا ان افراد کو دو ماہ قبل قتل کیا گیا تھا۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان لوگوں کو بوکو حرام کے جنگجوؤں نے ہلاک کیا ہے۔ تاہم ان ہلاکتوں کا ذمہ دار کون ہے ، اس بارے میں آزادانہ طور پر معلومات حاصل نہیں ہو سکی ہیں۔.
کرنل اعظم برمانڈو آگونا کا کہنا تھا کہ ہلاک کیے گئے ان افراد میں سے کئی کے سر قلم کیے گئے ہیں جبکہ کچھ کو گولیاں مار کر بھی ہلاک کیا گیا ہے، سر یہاں ملے تو جسم وہاں۔ یاد رہے کہ نائجر اور چاڈ کی افواج نے ابوجہ حکومت کے تعاون سے آٹھ مارچ کو بوکو حرام کے خلاف ایک بڑی عسکری کارروائی شروع کی تھی، جس کے ایک روز بعد ہی داماسک پر قابض ان شدت پسندوں کو پسپا کر دیا گیا تھا۔