لکھنؤ(نامہ نگار)راشٹریہ لوک دل کے صدر اجیت سنگھ نے مظفر نگر اور شاملی میں ہوئے فساد کی مرکزی جانچ بیورو(سی بی آئی ) سے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ نوجوانوں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسایا جا رہا ہے۔ انہوںنے یہاںمنعقدہ ایک عوامی ریلی میں کہا کہ فرقہ وارانہ فساد کرانا بی جے پی اور سماجوادی پارٹی کی سیاست ہے۔ ان دونوں پارٹیوں کے لیڈروں نے اپنے اپنے فائدہ کیلئے مظفر نگر اور شاملی میں فساد کرائے۔ انہوںنے مزید کہا کہ ایس پی حکومت نے فساد کرا کر اپنی ہی ریاست کے عوام کو مہاجر بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فساد کے بعد متاثر خاندان کھلے آسمان کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ دوسری طرف ریاست کے وزیر اعلیٰ دیگر وزرا ء کے ساتھ سیفئی میں نمائش کا انعقاد کر کے عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچا رہے ہیں۔ لوک دل کے جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ جینت چودھری نے بی جے پی اور ایس پی کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کسانوں کی حالت بہت خستہ ہے۔ کسان مزدور اپنے خاندان کی پرورش اور ان کی نگہداشت نہیں کر پا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ریاست کے کسان کے پاس پیسہ ہوگا توتجارت کو فروغ حاصل ہوگا کیونکہ ریاست میں کسانوں کی ہی وجہ سے رونق ہے۔ انہوں نے ایس پی کو سماج دشمن عناصر کی پارٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اترپردیش میں غنڈہ راج قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ قانونی نظام بدحال ہے اور ترقیاتی نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ اس موقع پر کرتار سنگھ، سنجے چوہان، ستیہ ویر پوار اور ترس پال ملک وغیرہ موجود تھے۔