کراچی۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد ابھی تک سر پر لگنے والی چوٹ سے صحت یاب نہیں ہوسکے ہیں اور نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹسٹ میں بھی حصہ نہیں لے سکیں گے۔ البتہ وہ تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں ڈاکٹروں نے انہیں پریکٹس شروع کرنے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دی ہے۔ امکان ہے کہ تیسرے ٹسٹ میں پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ انہی پندرہ کھلاڑیوں کو برقرار رکھا جائے گا جنہوں نے دبئی ٹسٹ کھیلا تھا۔
احمد شہزاد ابوظبی ٹسٹ میں کورے اینڈرسن کی گیند سر پر لگنے سے زخمی ہوئے تھے اور ان کے سر کی ہڈی میں فریکچر ہوگیا تھا۔ اب بھی احمد شہزاد سر میں ہلکی تکلیف محسوس کررہے ہیں۔ پی سی بی کے ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے احمد شہزاد کو مزید چند دنآ رام کا مشورہ دیا ہے اور امکان ہے کہ وہ پیر سے پریکٹس شروع کریں گے اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز میں شرکت کریں گے۔ امکان ہے کہ شارجہ میں بدھ سے شروع ہونے والے تیسرے ٹسٹ میں پاکستان کی اننگز کاآ غازشان مسعود اور توفیق عمر کریں گے۔ ٹیم انتظامیہ دونوں اوپنرز کو مزید چانس دینا چاہتی ہے۔ محمد حفیظ اپنے بولنگ ایکشن کا بایو میکنیکس ٹیسٹ کرانے کے بعد شارجہ ٹسٹ سے قبل پہنچ جائیں گے تاہم اس بات کے امکانات کم ہیں کہ وہ میچ میں شرکت کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اوپنر عمران فرحت کو شارجہ ٹسٹ کیلئے بھیجنے کے لئے سلیکٹرز نے کوئی درخواست نہیں کی ہے۔صہیب مقصود کی کلائی کا فریکچر سیریس نوعیت کا ہے ون ڈے سیریز میں بھی ان کی شرکت کا امکان نہیں۔ صہیب مقصود کے ان فٹ سے مڈلآ رڈر بیٹسمین فواد عالم ون ڈے ٹیم میں جگہ برقرار رکھ سکیں گے۔ اگر صہیب مقصود فٹ ہوتے تو فواد کو ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل ہورہی تھی۔