کانپور (نامہ نگار)بی جے پی وزیر اعظم عہدہ کے امیدوار نریندر مودی کانپور پارلیمانی نشست کے امیدوار اور سینئر بی جے پی لیڈر ڈاکٹر مرلی منوہر جوشی کی تشہیر کرنے کے لئے کانپور نہیں پہنچے۔کا
نپور میں آج تشہیر ختم ہوجائے گی۔تشہیر بند ہونے سے ایک دن قبل مودی نے اناؤ کے علاوہ پڑوسی اضلاع مہوبا، فتح پور، جھانسی میں انتخابی جلسوں سے خطاب کیا لیکن انہوں نے کانپور کا رخ نہیں کیا۔ اس سلسلہ میں بی جے پی لیڈران نے بت
ایا کہ جب مودی اکبرپور پارلیمانی نشست کے امیدوار کی حمایت میں آئے تھے تو انہوں نے مرلی منوہر جوشی کی تشہیر بھی تھی لیکن حقیقت یہ ہے کہ اکبرپور کے جلسہ میں مودی نے صرف دیویندر سنگھ کے لئے ہی ووٹ مانگے تھے۔
اس کے علاوہ ایک دیگر لیڈر نے کہا کہ گزشتہ سال اکتوبر میں مودی نے ریاست میں انتخابی ریلی کانپور میں کی تھی اس لئے کانپور کا کوٹہ پورا ہوگیا تھا۔واضح رہے کہ مودی نے جب اکتوبر میں ریلی کی تھی اس وقت یہ طے نہیں تھا کہ کانپور سے کون انتخاب لڑے گا۔یہی نہیں مرلی منوہر جوشی نے ’مودی کی لہر نہیں بی جے پی کی لہر ہے‘بیان بھی نہیں دیا تھا اس وقت تک شہر میں جو پوسٹر یا ہورڈنگس لگائے گئے تھے اس میں صرف جوشی کی ہی تصویر ہوتی تھی اور انہیں کے نام پر ووٹ مانگے جارہے تھے۔لیکن مذکورہ بیان کے بعد ہنگامہ ہونے کے بعد راتوں رات شہر میں مودی اور جوشی کی گلے ملتے ہوئے تصویروں والی ہورڈنگس لگادی گئی۔ اس کے بر خلاف سماجوادی پارٹی امیدوار کی تشہیر میں پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو، بی ایس پی امیدوار کی حمایت میں پارٹی کی سربراہ مایاوتی انتخابی جلسوں کو خطاب کرچکی ہیں۔جبکہ کانگریس امیدوار کی حمایت میں پارٹی کے نائب صدر راہل گاندھی کانپور آرہے ہیں۔اس سلسلہ میں شہر رکن اسمبلی اور اسمبلی میں بی جے پی پارٹی کے حزب مخالف کے نائب لیڈر ستیش مہانا نے بتایا کہ اکبر پور میں دیویندر سنگھ کی حمایت میں منعقدہ مودی کی ریلی میں ہی جوشی کی تشہیر ہوگئی تھی۔
بی جے پی کے ضلع صدر سریندر میتھانی نے مودی کے کانپور میں نہ آنے کے سلسلہ میں کہا کہ مودی کی ریلی کانپور اور اکبر پور سرحد پر رکھی گئی تھی تاکہ دونوں لیڈروں کو اس کا فائدہ حاصل ہوسکے۔ میتھانی نے کہا کہ جوشی جلسہ میں موجود تھے۔بی جے پی ضلع صدر نے مزید کہا کہ مودی نے اترپردیش میں جو پہلی ریلی کی تھی وہ کانپور میں ہی منعقد کی گئی تھی۔اس لئے یہ نہیں کہا جاسکتا کہ مودی کانپور میں ریلی کرنے کے لئے نہیں آئے۔ان سے پوچھا گیا کہ اکتوبر میں اس بات کا فیصلہ بھی نہیں ہواتھا کہ کانپور سے مرلی منوہر جوشی الیکشن لڑیں گے یا کوئی اور۔اس سلسلہ میں بی جے پی امیدوار مرلی منوہر جوشی سے گفتگو کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ان سے بات نہیں ہوسکی۔