ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار کمل ہاسن کی دوسری بیٹی اکشرا ہاسن کی پہلی فلم کی شوٹنگز’’پا‘‘ اور ’’چینی کم‘‘جیسی فلموں کے ہدایتکار آر بالکی کی ہدایتکاری میں بھارتی صوبہ مہارشٹرا کے شہر لگت پوری ( Igatpuri) میں شروع ہوگئی ہے اوراداکار دھنوش بھی شوٹنگ میں حصہ لے رہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق کمل ہاسن کی چھوٹی بیٹی کی پہلی رومانوی فلم جس کا ابھی تک نام فائنل نہیں کیا گیا کو بیک وقت ہندی اورتامل زبان میں تیار کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی لیجنڈ اداکار امیتاب
ھ بچن بھی فلم میں اہم کردار ادا کررہے ہیں جب کہ ان کے بیٹے ابھیشک بچن اپنے فلم ساز ادارے اے بی سی ایل کے بینر تلے فلم کو پروڈیوس کررہے ہیں جب کہ فلم کا میوزک استاد الیراجہ (Illayaraaja) دے رہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق دھونش فلم میں ا یک ایسے نوجوان کا کردار اداکررہے ہیں جو قوت گویائی سے محروم ہے اور اداکار بننے کی خواہش رکھتا ہے جب کہ اکشرا فلم میں ان سے محبت کرتی نظر آئیں گی۔ہدایتکار آر بالکی ’’آربالا کرشن‘‘ کا کہنا ہے کہ ان کی یہ فلم جس کا ابھی تک نام فائنل نہیں کیا گیاہے پہلی تمام فلموں سے مختلف ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ اکشرا ہاسن اپنے والد کمل ہاسن کی طرح اداکاری کی خوبیوں سے بھر پور ہیں اور انھیں شوٹنگز کے دوران زیادہ سمجھانا نہیں پڑتا بس انھیں تھوڑی بہت رہنمائی کی ضرورت پڑتی ہے اور وہ اپنے سین کو آسانی کے ساتھ عکس بند کروا رہی ہیں ان کا کہنا تھا کہ امیتابھ بچن فلم میں اہم کردار ادا کررہے ہیں اور مداح انھیں ایک اچھوتے کردار میں دیکھیں گے۔ ادھر اکشرا ہاسن کا کہنا ہے کہ فلم کی شوٹنگ حال ہیں میں شروع ہوئی ہے اور میں اس سے بہت لطف اندوز ہورہی ہوں۔ہدایتکار آر بالکی میری بہت اچھے طریقے سے رہنمائی کررہے ہیں اور مجھے ہر سین اور مکالمہ ادا کرنے سے قبل سمجھاتے ہیں میں ان سے بہت کچھ سیکھ رہی ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں لیجنڈ اداکار کی بیٹی اکشرا کا کہنا تھا کہ امیتابھ بچن ایک بہت بڑے اداکار ہیں انھوں نے ابھی تک اس فلم کی شوٹنگز میں حصہ نہیں لیا مگر مجھے علم ہے کہ وہ بھی مجھے اپنے تجربات سے کچھ نہ کچھ آگاہ کریں گے اور میں بھی ان سے فلمی دنیا میں کام کرنے کے اسرار و رموز سیکھنے کے لیے بیتاب ہوں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ میری پہلی فلم ہے اور یہ کسی کو بھی معلوم نہیں کہ اس کا نام کیا ہوگا کیونکہ ہدایتکار آر بالی نے ابھی تک اس سلسلہ میں کچھ نہیں بتایا ہے امید ہے کہ فلم کا جو بھی رکھا یا فائنل کیا جائے گا وہ بہترین اور لوگوں کو متوجہ کرنیوالا ہوگا۔رقص کے متعلق سوال پر اکشرا نے کہا کہ وہ بچپن میں ہی رقص کی تربیت حاصل کرچکی ہیں اور اس میں کافی مہارت بھی رکھتی ہیں۔ واضح رہے کہ اکشرا ہاسن 12 اکتوبر 1991 کو چنائی میں لینجنڈ اداکار و ہدایتکار کمل ہاسن اور ساریکا کے گھر پیداہوئی اس کی بڑی بہن شروتی ہاسن ایک گلوکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ تالی ووڈ، کالی ووڈ اور بالی ووڈ کی کامیاب اداکارہ ہیں جب کہ اکشرا خود بھی ڈانس میں مہارت رکھتی ہیں۔اکشرا والدہ کے ساتھ زیادہ تعلق کی وجہ سے ان کے ساتھ چنائی میں ہی رہی اور ہال ہی میں ماڈلنگ اور بالی ووڈ میں بطور اداکارہ قدم رکھنے کے لیے ممبئی منتقل ہوئیں جہاں وہ اپنی بڑی بہن کے قریب ہی ایک اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اکشرا کو بچپن ہی میں کئی فلموں میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کی پیشکشیں ہوئیں مگر والدین نے اس کی تعلیم کی وجہ سے اسے فلموں میں کام کرنے کی اجازت نہیں دی۔ والد کے کام کے سلسلہ میں زیادہ تر گھر سے باہر رہنے کی وجہ سے وہ زیادہ تر اپنی والدہ کے ساتھ اٹیچ رہی اور گھر پی ہی اداکاری کے ابتدائی اسرار و رموز سیکھے۔ اکشرا جب 18 سال کی ہوئی تو اس کے انکل ہدایتکار مانی رتنم نے اسے اپنی ایک فلم مین مرکزی کردار کرنے کی پیشکش مگر چند وجوہات کی بنا پر اسے اس فلم مین کام کرنے کی اجازت نہیں مل سکی اکشرا اس وقت بالی ووڈ میں آمد کے لیے اداکاری کی کلاسز میں حصہ لے رہی ہے۔بالی ووڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ اکشرا کو جس طرح بالی ووڈ میں اپنی پہلی ہی فلم میں مایہ ناز اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا ہے یہ اس کے لیے بہت بڑی خوش قسمتی ہے اور اس سے امید کی جاسکتی ہے کہ وہ اپنی بڑی بہن شروتی ہاسن کی طرح جلد ہی بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنا ایک الگ مقام بنانے میں کامیاب ہوجائے گی۔