لاہور: میرا نے اداکارہ ماہرہ خان کو ایکٹنگ میں مقابلے کے لیے چیلنج کر دیا۔ سفارش اور پیسے سے کام تو مل جاتا ہے لیکن اسکرین پر پرفارم کرنا کوئی آسان بات نہیں، ایسی اداکارہ کا عوام کو بائیکاٹ کرنا چاہیے۔ اداکارہ میرا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے تعلق رکھنے والی ایک خاص لابی اداکارہ ماہرہ خان کو راتوں رات سپر اسٹار بنانے کے مشن پر کام کر رہی ہے۔
اداکاری کی ‘ الف ب’ سے ناواقف اداکارہ کو ایک طرف ٹی وی ڈراموں کے ساتھ فلموں میں کاسٹ کیا جا رہا ہے تو دوسری جانب ٹی وی کمرشلز میں بھی اسی کو زبردستی سائن کروایا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد فلم انڈسٹری سے برسوں سے وابستہ اداکارہ صائمہ، ریشم اورمجھ سمیت ان تمام اداکاراؤں سے انتقام لینا ہے، جنہوں نے اپنی تمام عمر اس پروفیشن کے نام کر دی ہے۔
یہ لابی دوسری اداکاراؤں کو بھوکا مارنا چاہتی ہے لیکن رزق دینے کا وعدہ اللہ پاک کا ہے، اس لیے ان کی یہ سازشیں جلد بے نقاب ہونگی۔ انھوں نے کہا کہ میرا طویل فنی سفر سب کے سامنے ہے۔ میں نے بے پناہ کم وسائل کے باوجود بننے والی فلموں میں بہترین اداکاری کی اور اس کی وجہ سے ہی لوگ مجھے اور دوسری اداکاراؤں کو پیارکرتے ہیں۔
یہی نہیں میری اداکاری اور شہرت کے چرچے جب پڑوسی ملک تک پہنچے تو مجھے وہاں بھی کام کرنے کے لیے دعوت دی گئی، مگر اب صورتحال تبدیل ہوتی جا رہی ہے۔ اس طرح کی پیشکش کا مقصد میڈیا سمیت فنون لطیفہ کے لوگوں تک اس پیغام کو عام کرنا ہے کہ شاید اب ہم کام کرنا ہی نہیں چاہتے۔ میں سب تک اس پیغام کوپہنچانا چاہتی ہوں کہ ہم اپنی صلاحیتوں کے بل پر اس سازش کو ناکام بنائیں گے۔ ماہرہ خان میں اگر اتنا دم ہے تو اسکرین پر میرے مدمقابل کام کر کے دیکھ لے، دودہ اور پانی کا فرق سامنے آجائیگا۔