کوئن اور اب تنو ویڈس منو ریٹرنس کی بڑی کامیابی کے بعد اس میں کوئی شک نہیں کہ کنگنا رناوت بالی ووڈ کی سب سے تیزی سے آگے بڑھنے والی ہیروئن ہیں اور اب وہ نمبر ون کی کرسی کے بہت قریب نظر آ رہیں ہیں۔ وہ بہت زوردار طریقے سے دپیکا پادوکون، سوناکشی سنہا اور آلیا بھٹ جیسی ہیروئنوں کے لئے چیلنج بنتی جا رہی ہیں۔ حالانکہ اب بھی ہیروئنوں میں سب سے آگے دپیکا پادوکون کا ہی نام لیا جاتا ہے۔ سپر ہٹ پیکو کے بعد دپیکا پادوکون نے اگلی فلم آٹھ کروڑ میں سائن کر کے یہ بتا دیا ہے کہ اب بھی وہ نمبر ون کی کرسی پر براجمان ہیں۔ مگر فلمی ہلچل پر گہری نظر رکھنے والوں کا خیال ہے کہ دپیکا پادوکون، قطرینہ کیف اور پرینکا چوپڑا آہستہ آہستہ پیچھے کھسکتی جا رہی ہیں۔ کیونکہ اس تاج کی طرف آلیا بھٹ، کنگنا رناوت، شردھاکپور اور سوناکشی سنہا تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ ان میں بھی سب سے آگے کنگنا رناوت مانی جا رہی ہیں۔کنگنا رناوت نے منالی سے بالی ووڈ کی گلیمرس دنیا میں قدم رکھا تھا تو اس وقت وہ ایک اوسط درجہ کی ہیروئن مانی گئی اور اسی وجہ سے انہیں اوسط درجے کی فلمیں بھی اس وقت ملیں۔ اس کے بعد انہیں سیکنڈز لیڈ رول کے کام ملے۔ پھر بھی ان کے حوصلے میں کوئی کمی نہیں آئی اور اسی کا نتیجہ رہا کہ انہیں بعد میں تنو ویڈس منو جیسی فلم بھی ملی اور پھر اس کے بعد کوئن نے ان کے کیریئر میں پنکھ لگا دئے۔ تنو ویڈس منو -۲ کے بعد تو وہ سیدھے ٹاپ کی ہیروئنوں کے ساتھ کھڑی ہو گئیں۔ کوئن کی کامیابی کے بعد ان کی جھولی میں ڈھیر ساری اچھی فلمیں آ گئیں۔ حال ہی میں کنگنا رناوت کی فلم تنو ویڈس منو ریٹرنس نے جو کامیابی حاصل کی ہے اس سے کنگنا رناوت نمبر ون کی کرسی کے بہت قریب پہنچ گئی ہیں۔ حالانکہ کنگنا کو فلمیں تو کافی مل رہی ہیں لیکن وہ فلموں کے انتخاب میں اتنا محتاط رویہ اپنا رہی ہیں کہ انہوں نے کئی فلموں میں کام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔شردھا کپور کے فلمی کیریئر کا آغاز تو حالانکہ کافی سست رہا تھا کیونکہ انہیں اپنی پہلی ہندی فلم تین پتی میں کچھ خاص کرنے کا موقع نہیں ملا۔ لیکن آہستہ آہستہ انہوں نے یہ ثابت کر دیا کہ وہ بھی کسی دوسری ہیروئن سے کسی معاملے میں کم نہیں ہیں۔ اس بات کو انہوں نے ثابت بھی کر دکھایا۔ اتنا ہی نہیں وشال بھردواج کی ’حیدر‘میں کئی بڑے فنکاروں کی موجودگی کے باوجود انہوں نے اپنی پکی جگہ بنائی۔ اگرچہ شردھاکپور کے ہاتھ میں فلمیں تو بہت کم ہیں۔ ابھیشیک کپور کی راک آن -۲ اور ریمو ڈسوزا کی اے بی سی ڈی-۲ میں ان کے رول کافی اہم ہیں۔ پھر بھی وہ نمبر ون کی دوڑ میں تھوڑی پیچھے ہیں۔پندرہ فلموں میں سولہ ایوارڈ حاصل کرنے والی دبنگ، رائوڈی راٹھور، سن آف سردار، دبنگ -۲، ہالی ڈے کی کامیابی کے بعد شردھاکپور بھی سوکروڑی فلموں کی کوئن مانی جاتی ہیں۔ ایکٹنگ کے معاملے میں معمولی سی نظر آنے والی شردھاکپور کی سلمان خان، اکشے کمار، اجے دیوگن، رنویر کپور اور شاہد کپور جیسے بالی ووڈ کے عمدہ ہیرو کے ساتھ جوڑی بنی ہے اور آج بھی ان کا بالی ووڈ کے جانے مانے ہیرو ایک ساتھ جوڑی بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اتنا سب کرنے کے باوجود بھی انہیں نمبر ون کی کرسی تک پہنچنے میں کافی زور لگانا پڑ رہا ہے۔اسٹوڈنٹ آف ایئر کی آلیا بھٹ کو آج کل ایکٹریس آف دی ایئر کہا جانے لگا ہے۔ وہ آج کل ڈائریکٹرس-پروڈیوسرس کی آنکھوں کا تارا بنی ہوئی ہیں۔ بہت کم وقت میں بالی ووڈ میں نام کمانے والی آلیا بھٹ ہر بڑے بینر کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ اس سال ان کی وکاس بہل کے ڈائریکشن بنی فلم شاندار ریلیز ہوگی جس میں ان کی جوڑی شاہد کپور کے ساتھ بنی ہے۔ بالاجی کی اگلی فلم اڑتاپنجاب بھی ان کی ہی ہے۔ جانے مانے ڈائریکٹر-پروڈیوسر کی اچھی اور بڑے بجٹ کی فلموں میں کام کرنے کا ہی نتیجہ ہے کہ وہ بھی بہت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔ابھی تک بالی ووڈ میں راج کرنے والی ہیروئن قطرینہ کیف نے اپنے گلیمرس انداز اور سلمان خان کا ساتھ پا کر اپنے فلمی کیریئر کے گراف کو کافی اوپر پہنچا دیا ہے۔ ابھی تک ہر سال تین چار ہٹ فلمیں دینے والی قطرینہ کیف کی گزشتہ سال صرف ایک ہی فلم بینگ-بینگ ریلیز ہوئی۔ کبیر خان کی ایکشن بیسڈ فلم فینٹم میں وہ سیف علی خان کے ساتھ ہیں اور انوراگ باسو کی اگلی فلم جگا جاسوس میں لیڈ رول ان کے کھاتے میں ہی ہے۔ لیکن بلندی اور پستی زندگی کے دو پہلو ہیں۔ بلندی کے بعد پستی کا آنا فطری ہے۔ اسی لئے اب لگتا ہے کہ قطرینہ کیف کا جادو ناظرین سے اترنے لگا ہے۔ ایکٹنگ، حسن اور رقص تینوں خوبیوں سے مالا مال پرینکا چوپڑا بالی ووڈ کی ٹاپ ہیروئنوںمیں شمار کی جاتی رہی ہیں۔ لیکن گزشتہ دو سال ان کے لئے کچھ ٹھیک نہیں رہے۔ اب زویا اختر کی فلم دل دھڑکنے دو آنے والی ہے۔ اگر یہ بھی کچھ خاص نہیں رہی تو ان کے کیریئر کا گراف کافی نیچے اتر آئے گا۔ اگرچہ وہ مدھر بھنڈارکر کی فلم میڈم جی میں اہم رول میں ہیں۔ باجی راو مستانی میں بھی وہ باجی راو کی بیوی کاشی بائی کے بااثر رول میں ہیں۔ جبکہ ومین بیسڈ فلم گنگا جل -۲ میں وہ خاتون پولیس افسر بنی ہیں۔اپنے آپ کو لے کر تجربہ کرنے میں آگے رہنے والی دپیکا پادوکون بھی بالی ووڈ کی چوٹی کی ہیروئنوں میں گنی جاتی ہیں۔ آئٹم نمبر کرنے کے بعد فائنڈنگ فینی جیسی فلم میں نصیرالدین شاہ، پنکج کپور، ڈمپل کپاڈیاجیسی قدآور فنکاروں کے ساتھ کام کرکے دپیکا پادوکون نے بالی ووڈ میں ایک الگ مقام بنایا۔ اس دوران انہوں نے کئی بڑے بجٹ کی جب تک ہے جان، دھوم -۳، رائے، شدھی اور ہالی ووڈکی فاسٹ اینڈ فیوریس -۴ جیسی فلموں کو ٹھکرا دیا تو فلموں میں کام کرنے کی فیس بھی کافی زیادہ ہے۔ ان دنوں وہ اپنی فیس تین کروڑ وصولتی ہیں۔ ابھی حال ہی میں ایک ایڈ فلم کے لئے انہوں نے ۶ کروڑ روپے کی فیس لی ہے۔ ابھی تک کسی بھی ایڈفلم کے لئے اتنی فیس کسی ہیروئن نے نہیں لی۔ اسی سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ دپیکا پادوکون نمبر ون کی کرسی کے کتنی قریب رہی ہیں۔ لیکن کنگنا رناوت کے آگے وہ بھی پیچھے ہی نظر آتی ہیں۔