کانپور (نامہ نگار)انڈین جسٹس پارٹی کے سابق جنرل سکریٹری اور پرجا تانترک بہوجن شکتی دل کے سابق ریاستی صدر کلدیپ آنند بابا ایڈوکیٹ نے عام آدمی پارٹی کے کانپور شہر لوک سبھا امیدوار ڈاکٹر محمود رحمانی کے ساتھ عام آدمی پارٹی کے نظریہ اور عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال کے خیالات کے تحت اپنے تمام ساتھیوں کے ساتھ عام آدمی پارٹی میں شامل ہوتے ہوئے کہا کہ انڈین جسٹس پارٹی کے قومی صدر نے پارٹی کے لاکھوں کارکنوں اور سیکڑوں عہدیداروں کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے۔ اسی کی وجہ سے انہوں نے اپنے ذاتی مفاد کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ بڑا سودا کرکے خاص طور سے دلت سماج اور صاف ستھرا ذہن رکھنے والے افراد کے ساتھ دھوکہ کیا۔ ڈاکٹر ادت راج نے ہمیشہ ملک کے کمزور دلت پسماندہ استحصال زدہ اور اقلیتی سماج کے مفاد کی بات صرف زبانی طور سے کی جس کا حقیقت سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔ اس کا تازہ ثبوت ان کا بی جے پی میں چلا جانا ہے۔ ایسے لوگ سماج کے لئے کبھی مفید نہیں ثابت ہوسکتے۔بلکہ یہ اور لوگوں سے زیادہ معاشرے کا استحصال کرنے
والے ثابت ہوتے ہیں۔یہ لوگ کسی بھی وقت اپنے ذاتی مفاد کے لئے سماج کا سودا کرسکتے ہیں۔کلدیب آنند بابا ایڈوکیٹ نے کیجریوال کو صاحب نظریہ بتاتے ہوئے کہا کہ ان کا نظریہ ملک کے ہر ایک مذہب،ذات، طبقہ کے لئے ایک جیسا ہے۔ وہ پورے ہندوستان کو ایک الگ مقام دلاکر بدعنوانی سے پاک ہندوستان کی تعمیر کا یقین رکھتے ہیں۔اس لئے انہوں نے ایک طویل عرصہ سے سماجی خدمت کے شعبہ میں اہم کردار رکھنے والے ہر دلعزیز رہنما ڈاکٹر محمود رحمانی کو کانپور لوک سبھا حلقہ سے امیدوار بناکر سماج میں یکسانیت کا پیغام دیا ہے۔ ڈاکٹر رحمانی کانپور شہر کے لئے سب اچھے امیدوار ہیں جن کے دل میں امیر،غریب اور چھوٹا بڑا کوئی معنی نہیں رکھتا۔ انسانیت ہی ان کی زندگی کا اصل مقصد ہے۔ اسی مقصد کے تحت آج ہم سب کانپور لوک سبھا حلقہ سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر محمود رحمانی کو لوک سبھا پہنچانے کے لئے ان کے ساتھ عام آدمی پارٹی کے نظریہ سے وابستہ ہوگئے ہیں۔اس موقع پر مشہور قوال راجو وارثی ،روہت راج اما شنکر شرما،ارون شرما، ایم پرساد ،رامو راہی ،نریش کٹھریا ،رجنیش پال، پادری رجن پال،ستیش شرما، ڈاکٹر راکیش ورما، شیو کمار، ولی محمد چھگو بھائی وغیرہ موجود تھے۔