انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2017ء میں کھیلی جانے والی چیمپیئنز ٹرافی میں شریک آٹھ ٹیموں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
چیمپیئنز ٹرافی مقابلے یکم سے 18 جون 2017 تک انگلینڈ میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان ٹیسٹ اور ٹی 20 میں بہتر، ون ڈے میں پیچھے
آئی سی سی نے چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے کوالیفائی کرنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2015 مقرر کی۔
30 ستمبر کو چونکہ کوئی بھی انٹرنیشنل ون ڈے میچ کھیلا نہیں جا رہا لہٰذا آئی سی سی نے باضابطہ طور پر ان آٹھ ٹیموں کا عالمی ون ڈے رینکنگ کے اعتبار سے اعلان کر دیا ہے جو اس ایونٹ میں حصہ لیں گی۔
شریک ٹیموں میں آسٹریلیا، بھارت، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، انگلینڈ، بنگلہ دیش اور پاکستان شامل ہیں۔
پاکستانی ٹیم تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں آٹھویں پوزیشن پر ہونے کی وجہ سے یہ ٹورنامنٹ کھیلنے کی حقدار بنی ہے۔
آٹھویں ٹیم کے لیے پاکستان، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان مقابلہ تھا۔
عالمی کپ کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان، بھارت اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز جیتی اور عالمی رینکنگ میں نویں سے ساتویں پوزیشن پر پہنچ کر 2006 کے بعد پہلی بار چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت یقینی بنا لی تھی۔
پاکستان نے سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں شکست دے کر آٹھویں اور آخری ٹیم کے طور پر چیمپئنز ٹرافی کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی میں کل 15 میچز کھیلے جائیں گے اور شریک ٹیموں کو دو گروپ میں رکھا جائے گا۔
گروپ کی تشکیل اور میچوں کے شیڈول کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا ہے۔
آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی کی ٹیموں کو حتمی شکل دینے کے بعد 2019 ء میں انگلینڈ میں ہونے والے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کی آخری تاریخ بھی مقرر کردی ہے جو 30 ستمبر 2017 ہے۔
عالمی کپ میں بارہ ٹیمیں حصہ لیں گی اور مقررہ تاریخ تک کی عالمی رینکنگ میں پہلی آٹھ پوزیشنز رکھنے والی ٹیمیں ٹورنامنٹ میں براہ راست کھیلیں گی جبکہ بقیہ چار کو کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا ہوگا۔