فیض آباد۔ (نامہ نگار)۔ عام آدمی پارٹی کا جلسہ ریڈگنج واقع پارٹی دفتر پر ہوا ۔ جلسہ میں موجود پارٹی کارکنان نے گجرات میں پارٹی کے قومی کورآرڈینیٹر اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو حراست میں لئے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اروند کیجریوال کے قافلہ کو
روکنا حکومت کی آلودہ ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے۔ کیریجوال کو حراست میں لینے سے مودی کی بوکھلاہٹ کا پتہ چلتاہے۔
واضح ہو کہ اروند کیجریلوال گجرات کے چار روزہ دورہ پر ہیں۔ وہ یہاں نریندر مودی کے ترقیات کے دعوؤں کی حقیقت معلوم کرنے کیلئے آئے ہیں۔ مودی جو عوام کوترقی کے بڑے بڑے خواب دکھا رہے ہیں اس کی حقیقت معلوم کرنے کیلئے وہ گجرات گئے ہیں۔ مودی کیجریلوال کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے گھبرا گئے ہیں۔ اسی بوکھلاہٹ میں ان کی حکومت نے انہیں حراست میں لیا ۔ جلسہ کی صدارت محمد اسحاق خاں اور نظامت پالیٹیکل افیئر کمیٹی کے رکن ڈاکٹر انوراگ پانڈے نے کی۔اس موقع پر خاص طور سے کامریڈ دنیش سنگھ، محمد ہاشم ، ضلع سیاسی بورڈ کے رکن وکاس شریواستو، راہل پرتاپ سنگھ، شری کرشن پانڈے، نند لال موریہ، نسیم انصاری، سنیل کمار موریہ، ندیم رضا، ونود پانڈے وغیرہ موجود تھے۔