اسٹین فورڈ۔ وکٹوریہ ازارینکا کو جنم دن راس نہ آیا، واسٹین فورڈ کلاسک ٹینس ٹورنامنٹ میں امریکا کی وینس ولیمز کے ہاتھوں شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔ سابق عالمی نمبر ایک وینس ولیمزنے اسٹین فورڈ کلاسک ٹینس ٹورنامنٹ میں برتھ گرل کٹوریہ ازارینکا کو ان کی سالگرہ پر شکست سے دو چار کر دیا۔ اینجلک کربر اور انا ایئیوانووچ نے اپنے اپنے میچز جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ اسٹینفورڈ، کیلیفورنیا میں جاری ویمنز سنگلز ٹورنامنٹ کے دوسرے رائونڈ میں امریکی ٹینس اسٹار وینس ولیمز نے ازارینکا کیخلاف فتح سمیٹ کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ جہاں ان کا مقابلہ سربیا کی انا ایئیوانووچ سے ہو گا اور توقع ہے وینس کا سیمی فائنل میں مقابلہ ان کی بہن سرینا ولیمز سے ہو گا۔ تھرڈ سیڈ جرمنی کی اینجلک کربر نے امریکا کی کو وینڈیوگ کو سخت مقابلے کے بعد ہرا کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ ایک اور میچ میں سربیا کی انا ایئیوانووچ نے کینیڈا کی کارلو زاہو کو باآسانی ہرایا۔ شکست کے باوجود وکٹوریہ ازارینکا اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں، انہوں نے جنم دن پر ٹینس کھیلنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے ناکامی کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ وینس بلاشبہ اچھا کھیلیں وہ ان کا دن تھا۔ واضح رہے کہ یہ دراصل انجریز سے نبرد آزما دو سابق عالمی نمبر ایک پلیئرز کے درمیان ایک طرح سے کم بیک کی جنگ تھی جس میں وینس نے ماضی کی فارم کا ثبوت دیتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔