لکھنؤ(نامہ نگار)وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے آج کہا کہ اساتذہ کے تعاون سے ہی تعلیم کے شعبہ میں پیش آنے والے چیلنجوں کا سامنا کیا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ آج وہی ملک وسماج ترقی کے راستے پر گامزن ہیں جس نے تعلیم پر توجہ دی ہے۔ یہاں سنگین ناٹک اکیڈمی میں ڈاکٹر کے ایل گرگ میموریل چیریٹبل ٹرسٹ کی جانب سے اساتذہ کے اعزاز میں منعقد تقریب کو خطاب کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ طلباء اور سماج کا اساتذہ پر بہت اعتماد ہوتا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں ایسی روایت ہے کہ استادکا والدین سے بھی زیادہ احترام کیاجاتا ہے۔ مسٹر یادو نے ٹرسٹ کی جانب سے قومی سطح پر اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں قابل ذکر تعاون کیلئے جی بی پنت سوشل سائنس انسٹی ٹیوٹ کے پروفیسر بدری نرائن کو ایک لاکھ روپئے اور شال پیش کر کے ڈاکٹر کے ایل گرگ ایوار
ڈ فار ایجوکیشن اینڈ ہیومنٹیز اعزاز سے سرفراز کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ریاست کے مختلف اسکولوں کے ۳۸پرنسپلوں کو شال ، یادگاری نشان اور ۲۱-۲۱ ہزار روپئے ، ۳۵ ؍ اساتذہ کو شال، یادگاری نشان اور ۱۱-۱۱ ہزار روپئے کے انعام سے نوازا۔
وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج جب ڈیجیٹل انڈیا کی بات ہو رہی ہے تو تعلیم کے شعبہ میں ڈیجیٹل ڈیوائڈ کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ ریاست کی سماجوادی پارٹی حکومت نے اس سمت میں کام کیا ہے۔ ریاستی حکومت نے طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کر کے تعلیم کے شعبہ میں ڈیجیٹل ڈیوائڈ کم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں کئی چیزوں کا مقابلہ کرنا پڑتا ہے۔ کئی ایسی چیزوںکی بھی تشہیر ہو جاتی ہے جن کا جواب دینا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست آبادی کے معاملے میں کئی ممالک سے آگے ہیں لیکن تعلیم کے معاملے میں ہم کہاں کھڑے ہیں اس پر سنجیدگی سے غور کرنا ہے۔
کے ایل میموریل ٹرسٹ اور اس کے بانی کی ستائش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ کو ترقی دینے کیلئے لوگوں کو خدمت کرنے کے جذبے سے آگے آنا ہوگا۔ مسٹر یادو نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں ابھی کافی کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ریاستی حکومت کے کابینی وزیرراجندر چودھری، پرنسپل سکریٹری تعلیم منوج سنگھ اور ایجوکیشن ڈائرکٹر سمیت دیگر افسران موجود تھے۔ ٹرسٹ کے چیئر مین ایس کے گرگ نے اساتذہ، پرنسپلوں وآئے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔