کانپور(نامہ نگار) کانپور پولیس نے مشہور کرکٹ کھلاڑی و سابق رکن پارلیمنٹ چیتن چوہا ن کی بھانجی ریچا شکلا کے استحصا ل کے الزام میں اس کے شوہر سندیپ شکلا کو دہلی کے حیات ریجنسی ہوٹل سے گرفتار کر لیا ہے ۔ ایس ایس پی شلب ماتھر نے بتایا کہ ریچہ شکلا کے شوہر سندیپ شکلا کو آج صبح دہلی کے حیات ریجنسی ہوٹل سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سندیپ شکلا کے خلاف اس کے آبائی ضلع اناو¿ میں مقدمہ درج ہے اور ایک مقدمہ کانپور کے نذیر آباد پولیس اسٹیشن میں بھی درج ہے ۔ واضح رہے کہ اناو¿ ضلع کے شکلا گنج میں رہنے والی ریچہ شکلا نے اپنے شوہر سندیپ شکلا کے خلاف گھریلو تشدد کی شکایت یکم مئی کو درج کرائی تھی۔ ترجمان نے بتایا کہ شکلا گنج کے صنعت کار سندیپ شکلا کی شادی ۱۹۹۵ میں ریچہ سے ہوئی تھی۔ ریچہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ۳۰ اپریل کی شب اس کے شوہر سندیپ شکلا نے اسے بری طرح پیٹا تھا۔
اس سلسلے میں جب شکلا گنج پولیس ان کے گھر پہنچی تو ریچہ کا شوہر سندیپ شکلا ریچہ کو ساتھ لے کر کار سے فرار ہو گیا۔ کانپورکی ۸۰ فٹ روڈ پر جب کار کی رفتار کچھ کم ہوئی تو ریچہ کار سے کود گئی اور سڑک پر گر گئی۔ مقامی لوگوں نے اس کی اطلاع پولیس کو دی ۔ پولیس نے ریچہ کا طبی معائنہ کرانے کےلئے اسے میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا ۔
ایس ایس پی ماتھر نے بتایا کہ ریچہ کے الزامات کے سلسلے میں اس کے شوہر کے خلاف پہلامقدمہ اناو¿ ضلع کے گنگا گھاٹ پولیس تھانے میں درج کرایا گیا تھا۔کیونکہ ریچہ کانپور کے نذیر آباد علاقے میں کار سے کود گئی تھی اور اسے کانپور کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اس لئے اس معاملے میں ایک مقدمہ نذیر آباد پولیس اسٹیشن میں بھی درج کر ا دیا گیا تھا۔