نئی دہلی: ترکی کے استنبول میں دہشت گردانہ حملے کے پیش نظر آج دارالحکومت دہلی میں سکیورٹی کی صورتحال اور انتظامات کا وسیع جائزہ لیا گیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق دہلی پولس اور مرکزی صنعتی سکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کی مشترکہ میٹنگ میں شہر کے ہوائی اڈوں، میٹرو اسٹیشنوں، اور بھیڑ بھاڑ والے مقامات کی سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈیوٹی پر تعینات پولس اہلکاروں کو مشتبہ سرگرمیوں کے تئیں زیادہ محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ سی آئی ایس ایف کے ترجمان ھیمندر سنگھ نے کہا کہ ویسے تو شہر میں سکیورٹی کے پختہ انتظامات ہیں لیکن پھر بھی جب دنیا کے کسی بھی حصے سے دہشت گردانہ حملے کی خبر آتی ہے تو پولس فورس کے لئے اضافی احتیاط اور چوکسی برتنا ضروری ہو جاتا ہے ۔واضح رہے کہ استنبول کے اتاترک بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آج ہونے والے خود کش حملے میں 36 افراد ہلاک اور کم سے کم 150 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔