حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم، اسرائیل کی نقل و حرکت پر پوری نظر رکھے ہوئے ہے
حسن نصراللہ اتوار کی رات بیروت میں، جنوبی لبنان کی اسرائیل کے قبضے سے آزادی کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ کے جیالے شام کی جنگ میں الجھنے کے باوجود، اسرائیل کی نقل و حرکت پر، جو ہمارا اصلی دشمن ہے، نظر رکھے ہوئے ہیں اور ایک لمحہ بھی اس سے غافل نہیں ہیں۔ حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے صہیونی حکومت کے مقابلے میں تحریک مزاحمت کی مدد و حمایت کرنے پر اسلامی جمہوریہ ایران اور شام کا شکریہ ادا کیا۔ سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ حزب اللہ کی مدد کرنے والے وفادار ساتھیوں کی حیثیت سے اسلامی جمہوریہ ایران اور شام کا کردار قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت علاقے کے ملکوں، قوموں اور افواج کو وحشی تکفیریوں کا خطرہ لاحق ہے جس کا واضح نمونہ داعش اور جبھۃ النصرہ ہیں۔ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ علاقے کی قوموں کو چاہئے کہ اپنے حقیقی دوستوں اور ہمدردوں کو پہچانیں اور اسلامی جمہوریہ ایران ان ہمدرد ساتھیوں میں سر فہرست ہے۔ حزب اللہ کے سربراہ نے یمن کی صورتحال کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے یمن پر حملہ کرکے خود کو مشکلات میں پھنسا لیا ہے۔سید حسن نصراللہ نے سعودی حملوں کو یمنی فوج اور عوام کے خلاف کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب یمن میں اپنے کسی بھی ہدف تک نہیں پہنچ سکتا۔