لکھنؤ(نامہ نگار) فلسطینی شہریوں پر ہو رہے اسرائیلی حملوںکی مخالفت میں جمعرات کی شب بیگم حضرت محل پارک سے کینڈل مارچ نکالا گیا ۔ امام جمعہ مولانا سید کلب جواد نقوی کی قیادت میںنکلے مارچ میں بڑی تعداد میں مرد، خواتین اور بچوں نے شامل ہو کر اسرائیلی دہشت گردی پر احتجاج کیا۔ جلوس میں شامل لوگ اپنے ہاتھوں میں
فلسطین میں ہو رہے مظالم کے خلاف بینر اور پوسٹر لئے ہوئے تھے۔
مارچ سے قبل موجود لوگوں کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہا کہ پوری دنیا میں پھیلی دہشت گردی کے پیچھے اسرائیل اورصیہونی طاقتیں ہوں اس میں چاہے عراق ہو،شام ہویا بحرین ۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں پر ہو رہے مظالم پر بین الاقوامی طبقہ اس طرح خاموش ہے جیسے غزہ اور دوسرے شہروں میں کچھ نہیں ہو رہا ہے۔ اقوام متحدہ بھی کوئی قدم نہیں اٹھا رہا ہے اور مسلمانوں کا سب سے بڑا ملک سعودی عرب بھی اپنی زبان نہیں کھول رہا ہے کیونکہ وہ بھی اسرائیل کا غلام ہے۔
مولانا ابوالعرفان فرنگی محلی نے کہا کہ فلسطین میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ اسرائیل اور بڑی طاقتوں کے ذریعہ ہو رہا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا سے جو خبریں آرہی ہیں حقیقت میں ظلم اس سے کہیں زیادہ ہے انہوں نے کہا کہ عراق اور شام میں داعش کے ذریعہ جو دہشت گردانہ واردات انجام دی جا رہی ہیں یہ بھی اسرائیل کی تیار کی ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ مولانا سید رضا حسین، مولانا فیروز حیدر اور مولانا امیرحیدر وغیرہ نے بھی لوگوں کو خطاب کیا۔
بیگم حضرت محل پارک سے نکل کر جلوس کے ڈی سنگھ بابو اسٹیڈیم، ضلع مجسٹریٹ کی رہائش گاہ اور حضرت گنج واقع حلواسیہ مارکیٹ ہوتے ہوئے جی پی او پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ مارچ میں خصوصی طور سے مولانا امیر حیدر، مولانا انتظام حیدر، مولانا زوار سمیت دیگر علماء اور بڑی تعداد میں لوگ شامل تھے۔