تل ابیب ، 14 دسمبر (رائٹر) اسرائیل اور فلسطین مذاکرات کی ناکامی کے خدشات کے درمیان امریکی وزیرخارجہ نے اس کی کامیابی کی امید ظاہر کی ہے۔ مشرق وسطیٰ کے اپنے دوسرے دورے کے اختتام پر بولتے ہوئے وزیر خارجہ جان کیری نے کل کہا کہ اسرائیل اور فلسطین امن مذاکرات کے خواہاں ہیں اور اپریل کے اختتام تک کسی حتمی معاہدے کی توقع ہے۔ایک سرکردہ امریکی سفیر نے خواہش ظاہر کی ہے کہ دونوں فریق کو ایک ایسے معاہدے پر رضامند ہونا چاہئے جو سیکورٹی، یروشلم کا مستقبل اور پناہ گزینوں کا مستقبل جیسے اہم مسائل کا حل پیش کرے۔واضح رہے کہ فلسطینیوں کو خدشہ ہے کہ اس طرح کا ابتدائی معاہدہ ان کی امیدوں پر پانی پھیردے گا اور مغربی کنارا،غزہ پٹی اور مشرقی یروشلم میں ایک آزاد ریاست بنانے کا ان کا دیرینہ مطالبہ سر دخانے میں ڈال دیا جائے گا ۔ مندرجہ بالا علاقوں کو 1967 کی جنگ میں اسرائیل نے اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔