مقبوضہ یروشلم ۔ اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز شام کی فوجی تنصیبات پر حملہ کیا ہے۔ اسرائیلی فوجی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل پیٹر لرنر کے مطابق اس حملے کی وجہ منگل کے روز سڑک کنارے ہونے والا بم دھماکہ تھا۔ یہ دھماکہ گولان کی پہاڑیوں سے جڑی سرحد پر گشت کرتے اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنانے کیلیے کیا گیا تھا۔ نتیجتا چار اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے تھے۔
اسرائیلی ترجمان کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا ہدف شامی فوجی ہیڈ کوارٹرز، تربیتی مراکز اور توپ خانہ تھا۔ اس مقصد کیلیے اسرائیلی جنگی طیارے نے منگل اور بدھ کی درمیانی رات بمباری کی ہے۔ شام میں جاری جنگ کے اثرات کبھی کبھی اسرائیلی علاقے کے اندر تک چلے جاتے ہیں۔ جوابا اسرائیل کی طرف سے بھی کارروائیاں ہوتی ہیں۔
واضح رہے گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیل نے 1967 میں قبضہ کر لیا تھا۔ منگل کے روز اسی علاقے میں اسرائیلی فوجیوں کی گشت کے دوران بم پھٹا تھا۔ اسرائیل نے اس دھماکے کی ذمہ داری شام پر عاید کی ہے۔