ترجمان کا کہنا ہے کہ حملہ آور نازیوں کے ہاتھوں یہودیوں کی نسل کشی کے بارے میں چیخ رہا تھا
برطانوی رکنِ پارلیمنٹ اور اسرائیل کے ناقد جارج گیلووے پر لندن میں حملہ کیا گیا جس میں وہ شدید زخمی ہوئے ہیں۔
جارج گیلووے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک شخص نے ان پر اس وقت حملہ کیا جب وہ لوگوں کے
ساتھ تصاویر کھچوا رہے تھے۔
پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق جارج گیلووے کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ حملہ آور نازیوں کے ہاتھوں یہودیوں کی نسل کشی کے بارے میں چیخ رہا تھا۔
یاد رہے کہ جارج گیلووے اسرائیل پر سخت تنقید کرتے ہیں۔ انھوں نے اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حالیہ حملوں پر بھی اسرائیل کو تنقید کا نشانہ بنایا اور لندن میں اسرائیلی سفاتخانے کے باہر جلوس نکالے۔
ترجمان کا کہنا ہے ’جارج لوگوں کے ساتھ تصاویر بنوا رہے تھے جب اس شخص نے ان پر حملہ کیا اور ان کو گھونسے مارنے شروع کردیے۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ حملہ جارج کی جانب سے اسرائیل پر تنقید سے جڑا ہوا ہے کیونکہ حملہ آور اس وقت نازیوں کے ہاتھوں یہودیوں کی نسل کشی کے بارے میں چیخ رہا تھا۔‘
یاد رہے کہ اس ماہ کے شروع میں پولیس نے جارج سے اس وقت پوچھ گچھ کی جب انھوں نے اسرائیل کے حوالے سے متنازع بیان دیا۔
انھوں نے بریڈفرڈ میں ایک انٹرویو دیتے ہوئے بریڈفرڈ کو ’اسرائیل سے پاکس علاقہ‘ قرار دیتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ اسرائیلی مصنوعات، سیاحوں اور دیگر سوسز کا بائیکاٹ کریں۔