نئی دہلی: صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی نے کہا ہے کہ ہنداور اسرائیل کے مراسم قدیمی تہذیبی رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ٹھیک اسی طرح جیسے کسی خوبصورت درخت کی دو شاخیں ایک دوسرے سے جڑی ہوتی ہیں۔مسٹر مکھرجی اسرائیل کے شہر یروشلم میں ہندوستانی برادر ی کی جانب سے منعقد کی جانے والی استقبالیہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ جس تقریب کا اہتمام سفیر ہند متعینہ اسرائیل جے دیپ سرکار نے کیا تھا ۔مسٹر مکھرجی نے اس موقع پر اپنی تقریر کے ابتدا میں ہی اسرائیلی عوام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اسرائیل میں آباد ہندوستانی برادری کو گھرجیسا ماحول فراہم کرانے میں مدد کی۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل ہمیشہ ہی ہندوستان کا ایک شراکت دار ملک رہا ہے ۔دراصل ہندوستان کے لئے مجموعی طور سے وسطی ایشیا اور خلیجی خطہ ہمیشہ اولین ترجیح رہا ہے ۔ اس خطے میں واقع ممالک ، توانائی ،ہائیڈروکاربن اور معدنیات کے شعبوں میں ہندوستان کے اہم شراکت دار کی حیثیت رکھتے ہیں۔