علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ذاکر حسین کالج برائے انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے سول انجینئرنگ شعبہ کے زیرِ اہتمام حکومتِ اتر پردیش کے رورل انجینئرنگ شعبہ کے تقریباً۱۰۰اسسٹنٹ اور جونیئر انجینئرس کے لئے ایک تربیتی پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے۔تربیتی پروگرام کے کو آرڈینیٹر اور شعبۂ سول انجینئرنگ کے ایسو سی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ملک شعیب احمد نے بتایا کہ ۲۵؍نومبر سے شروع ہونے والا یہ تربیتی پروگرام تین تین یوم کے چار بیچیز میں منعقد کیا جائے گا جو ۹؍دسمبر تک جاری رہے گا۔ ڈاکٹرا حمد نے بتایا کہ اس پروگرام میں دیہی سڑکوں کی ڈیزائننگ ، تعمیراور رکھ رکھاؤ کی کلاس روم اور لیبوریٹری میں تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تربیتی پروگرام میں ہائی وے میٹیریل، ڈیزائن آف فلیکسیبل اینڈ رجڈ پیو مینٹ، سیمنٹ کنکریٹ مکس ڈیزائن اینڈ کوالٹی کنٹرول، جوائنٹس ان سیمنٹ کنکریٹ پیومنٹ، رورل روڈ ڈرینیج اور پیومنٹ فیلیو اینڈ مینٹیننس کی خصوصی تربیت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ خطبات اور پریکٹیکل کے ذریعہ سوائل مکینکس لیبوریٹری، ہائی وے انجینئرنگ لیبوریٹری اور کنکریٹ اینڈ اسٹرکچرلیبوریٹری کے تعلق سے بھی معلومات مہیا کرائی جائیں گی۔ڈاکٹر احمد نے کہا کہ اس سے قبل اس طرح کے تربیتی پروگرا م انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی ) ،سینٹرل روڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ(سی آر آر آئی) اور دیگر قومی ادارے منعقد کرتے رہے ہیں لیکن گزشتہ برس یہ پروگرام اے ایم یو کے سول انجینئرنگ شعبہ میں منعقد کیاگیا تھا جس کی کامیابی کے پیشِ نظر صوبائی حکومت کے رورل انجینئرنگ شعبہ نے اس سال بھی یہ ذمہ داری ذاکر حسین کالج برائے انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے سول انجینئرنگ شعبہ کو تفویض کرتے ہوئے بیچیز کی تعداد دو سے بڑھا کر چار کردی ہے۔