اسلام آباد: پاکستان کے شمالی علاقہ جات سمیت افغانستان اور ہندوستان میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے.
امریکن جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.7 تھی جس سے ملک کے کئی شہر لرز اٹھے، جبکہ پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت 8.1 تھی ۔
ڈان نیوز کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، گجرانوالہ اور پشاور سمیت ملک کے کئی شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔زلزلے کے جھٹکے مالاکنڈ، کوہاٹ، بھکر اور گرد و نواح میں بھی محسوس کیے گئے، جبکہ لاہور میں زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
زلزلے کے باعث پشاور اور لاہور میں مواصلاتی نطام متاثر ہونے سے موبائل فون سروسز رک گئیں جبکہ لوگ خوفزدہ ہوکر لوگ گھروں سے باہر نکل آئے.
ڈان نیوز کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں کے باعث قذافی اسٹیڈیم میں میچ روک دیا گیا جبکہ اسٹیڈیم کے فلڈ لائٹ ٹاور دیر تک ہلتے رہے۔
زلزلے کے نتیجے میں کلر کہار میں ایک بچے کے جاں بحق جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے.
پشاور کے وارسک روڈ پر ایک عمارت کا کچھ حصہ گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
شمالی علاقہ جات کے مختلف حصوں میں موبائل ٹاورز اور بجلی کے کھمبے گرنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق سرگودھا میں اسکول کی دیوار گرنے سے 10 افراد زخمی ہوگئے۔
افغانستان اور ہندوستان کے کئی شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔