سلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے دفتر پر دستی بموں سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک کارکن زخمی ہوگیا۔
ڈان نیوز کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سوار اے آر وائی نیوز کے دفتر پر دستی بم اور پمفلٹ پھینک کر فرار ہوگئے۔
حملے کے دوران دفتر پر دستی بم حملہ اور فائرنگ بھی کی گئی تاہم عملہ محفوظ رہا۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب کسی نیوز چینل یا صحافی کو ہدف بنایا گیا.
اس سے قبل گزشتہ ماہ دن نیوز کے دفتر پر دستی بم حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں تین کارکن زخمی ہوئے.
گزشتہ سال نومبر میں کراچی میں ڈان نیوز کی سیٹلائٹ وین پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک کارکن زخمی ہوگیا تھا۔
اس کے علاوہ 20 نومبر کو فیصل آباد میں نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے بیورو آفس کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے تھے۔
اگست 2015 میں کراچی کے علاقے بہادر آباد میں جیو نیوز کی ڈی ایس این جی وین پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں وین میں موجود سیٹلائٹ انجینیئر ارشد جعفری ہلاک جبکہ ڈرائیور انیس زخمی ہوگیا۔
گزشتہ سال ستمبر میں نارتھ کراچی کے سیکٹر 11C میں سینئر صحافی آفتاب عالم کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا، بعد ازاں پولیس نے صحافی کے قاتل گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا۔
یاد رہے کہ اپریل 2014 میں مشہور صحافی حامد میر کو بھی کراچی میں ہی قتل کرنے کی کوشش کی گئی تھی، ان پر جناح ائر پورٹ سے شاہراہ فیصل پر نکلتے ہوئے فائرنگ کی گئی، البتہ کئی گولیاں لگنے کے باوجود خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہے تھے.
قبل ازیں جیو نیوز کے رپورٹر ولی خان بابر کو بھی کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں قتل کیا گیا تھا البتہ ان کے قتل کے مجرموں کی نشاندہی ہو گئی تھی جن کو بعد ازاں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی.