ہاپوڑ(نامہ نگار)کوتوالی علاقہ کے سعادت پوراعلاقہ کے باشندے شوہر بیوی نے وزیراعلیٰ اکھلیش یادوسمیت پولیس انتظامیہ کے افسران کو خط ارسال کرتے ہوئے پڑوس میں رہنے والی عورت اوراس کے بیٹوں کے خلاف نشہ آوراشیاء اورغیرقانونی شراب فروخت کرنے کاالزام عائد کرتے ہوئے ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیاہے۔انھوں نے انتباہ دیا ہیکہ اگرملزمین کے خلاف جلد سے جلد موثر کارروائی نہیں کی گئی تو وہ ۲۳؍جنوری کو لکھنؤ میں اسمبلی کے سامنے تامرگ بھوک ہڑتال کریںگے۔وزیراعلیٰ اکھلیش یادو کو ارسال کردہ خط میںاجے کمار اوران کی اہلیہ پونم گاندھی نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی پڑوسی رانی زوجہ موہن سنگھ گزشتہ پندرہ برسوں سے نشہ آوراشیاء اورغیرقانونی شراب فروخت کرنے کا کاروبار کرتے ہیں ۔
مذکورہ کاروبار میں اس کے گھر کے لوگ بھی شامل ہیں۔ رانی اوراس کے بیٹوں کے خلاف ملزمانہ مقدمات بھی درج ہے۔ پونم رانی نے کہا ہے کہ اس کے شوہر روزگار کے سلسلے میں روزانہ گھر سے باہر رہتے ہیں اوروہ گھر میں تنہا رہتی ہیں رات میں لوگ شراب پی کر ہنگامہ کرتے ہیں جس کی وجہ سے علاقہ کی خواتین ،لڑکیاں اوربزرگ خود کو غیر محفوظ محسوس کررہے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ ملزمین کے خلاف انھوں نے کئی مرتبہ پولیس انتظامیہ کا افسران کو شکایتی خط بھیج کر کارروائی کرنے کا مطالبہ کیاتھا لیکن پولیس کے آنے کی اطلاع ملنے پر مذکورہ لوگ شراب اورنشہ آوراشیاء کو محفوظ مقامات پر پہنچادیتے ہیں انھوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر مذکورہ لوگوں کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی تو ۲۳جنوری کو وہ اپنی حاملہ بیوی کے ساتھ اسمبلی کے سامنے تامر گ بھوک ہڑتال شروع کردیں گے۔