نئی دہلی:وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آج کہا کہ اسٹارٹ اپ انڈیا سے ملک میں لائسنس راج ختم ہو جائے گا اور حکومت صرف سہولت فراہم کرنے والوں کا کام کرے گی اور اسٹارٹ اپ کے لئے بجٹ میں نئے ٹیکس نظام بنائے جائیں گے ۔ مسٹر جیٹلی نے اسٹارٹ اپ انڈیا مہم کے لئے یہاں وگیان بھون میں منعقد یک روزہ پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ بڑی کمپنیوں کے لئے بنائے گئے ریگولیٹری نظام سے اسٹارٹ اپ انڈیاکو الگ رکھنے کے لئے بجٹ میں ٹیکس کے نئے نظام کا اعلان کیا جائے گا۔ اس کے لئے کچھ سرکاری احکامات جاری کئے جائیں گے جبکہ اس میں بڑی تبدیلی بجٹ کے ذریعے کی جائیں گی۔ اس مہم سے ملک میں انٹرپرینیئر شپ اور روزگار دونوں میں انقلابی تبدیلی آنے کا توقع کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹارٹ اپ انڈیاکو سرکاری مشینری سے مکمل آزادی دئے جانے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں لائسنس راج کو ختم کرنے کاعمل سال 1991 میں شروع ہوا تھا لیکن اب اسٹارٹ اپ انڈیا سے اس راج کا مکمل طور پر خاتمہ ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جب اسٹارٹ اپ مہم زور پکڑے گی تو یہ سرکاری مشینری سے آزاد ہو جائے گی اور پھر حکومت کا کردار صرف سہولت فراہم کرنے کا رہ جائے گا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی معیشت میں بحران سے کئی طرح کے چیلنجز پیدا ہو رہے ہیں اور ایسے میںا سٹارٹ اپ انڈیا ترقی کو رفتار دینے والا اختیاری انجن بن کر ابھر سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ایسی پالیسیاں بنا رہی ہے جہاں کمپنیوں کا زیادہ آزادی حاصل ہوگی۔