لکھنؤ: اسمبلی اسپیکر ماتا پرساد پانڈے نے مظفر نگر تشدد سے متعلق ایک وزیر کے کردار کے بارے میں دکھائے جانے والے اسٹنگ آپریشن کی سچائی کی جانچ کیلئے ایک سات رکنی کمیٹی تشکیل کی ہے ااور اس کا چیئر مین سماجوادی پارٹی کے رکن ستیش کمار نگم ایڈوکیٹ کو بنایاگیا ہے۔ کمیٹی میں ستیش کمار نگم کے علاوہ محمد عرفان، ڈاکٹر سنگرام یادو، برج لال سونکر، امر پال شرما، منیش اسیجا اور دلنواز خان شامل ہیں۔اسٹنگ آپریشن پر ۱۸ستمبر کو اسمبلی میں رہنما حزب مخالف سوامی پرساد موریہ و یگر سینئر اراکین نے کہا تھا کہ اسٹنگ آپریشن میں ایک سینئر وزیر و رکن پر جو الزامات عائد ہوئے ہیں اس کی سچائی کی جانچ ہونا چاہئے۔ اگر چینل نے غلط کیا ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہو اگر اسٹنگ آپریشن میں سچائی ہے تو وزیر کے خلاف کارروائی ہو۔
اس کے بعد آئندہ روز ۱۹ستمبر کو صدر کے اعلان کے بعد اسمبلی نے اتفاق رائے سے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل پر رضامندی ظاہر کر دی تھی۔اسمبلی کے پرنسپل سکریٹری پردیپ کمار دوبے کے مطابق کمیٹی کو تین نکات پر جانچ کرنا ہے ۔ کمیٹی مظفر نگر تشدد کے سلسلہ میں مختلف چینلوں پر نشرکئے گئے اسٹنگ آپریشن کی سچائی کی تفصیل سے جانچ کرے گی اور جانچ کے دوران متعلقہ سی ڈی اور دیگر دستاویز کی جانچ کرے گی۔ کمیٹی جانچ کے دوران معاملہ سے متعلق دستاویزی اور زبانی ثبوت جمع کرے گی۔ جانچ رپورٹ اسمبلی کے ۲۰۱۴ کے پہلے اجلاس کے اختتام سے قبل اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔