ڈھاکہ ۔انگلینڈ کے کپتان
کو امپائرز پر تنقید مہنگی پڑگئی اور آئی سی سی نے ان پر میچ فیس کا پندرہ فیصد جرمانہ عائد کردیا ہے۔اسٹورٹ براڈ نے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان چٹاگانگ میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میچ کے امپائرز علیم ڈار اور پال رائفل پر تنقید کی تھی کہ انھوں نے مبینہ طور پر کم روشنی کی وجہ سے کھیل روکنے کے بجائے جاری رکھا اور اس وقت کھیل روکا جب بارش شروع ہوگئی۔اسٹورٹ براڈ کا کہنا تھا کہ امپائرز کو اسی وقت کھیل روک دینا چاہیے تھا لیکن ایسا نہ ہونے کا خمیازہ انگلینڈ کی ٹیم کو بھگتنا پڑا۔واضح رہے کہ چٹاگانگ میں کھیلے گئے اس میچ کا فیصلہ نیوزی لینڈ کے حق میں ڈِک ورتھ لوئس کے قانون کے تحت ہوا۔آئی سی سی کے قوانین کے مطابق کوئی بھی کھلاڑی سرِعام کسی کھلاڑی اور ٹیم سٹاف اور میچ آفیشلز پر تنقید نہیں کرسکتا۔سٹورٹ براڈ نے آئی سی سی میچ ریفری جواگل سری ناتھ کے روبرو اپنی غلطی تسلیم کر لی تھی۔جواگل سری ناتھ کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ کی حالت موسم اور کھیل کے لیے درکار مطلوبہ روشنی کے بارے میں امپائرز کا فیصلہ حتمی ہے۔موسم کے بارے میں فیصلے سب سے مشکل ہوتے ہیں جو امپائرز بہترین کوشش کرتے ہوئے کرتے ہیں لیکن ان فیصلوں پر سرِعام تنقید کھیل کی روح کے منافی ہے۔