لکھنؤ۔(نامہ نگار)سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کا دعویٰ کرنے والے افسر بنیادی سہولتوں پر توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ گذشتہ سال اسپتالوں کو جدید کیوسک مشینیں دستیاب کرائی گئی تھیں ۔ جن کے ذریعے مریضوں کو اسپتال میں ملنے والی سہولتوں کی اطلاع مل جاتی تھی لیکن آج وہ اسٹور روم میں بند پڑی ہیں۔ اسپتال کے افسر بتاتے ہیں کہ مشینیں خڑاب پڑی ہیں اور انہیں درست کرانے کے لئے ڈائریکٹریٹ کو خط لکھا گیا ہے۔
بلرام پور اور لوہیا اسپتال میں روز آنہ چار سے پانچ ہزار تک مریض آتے ہیں جس میں کئی ایسے ہوتے ہیں جنہیں اسپتال میں ملنے والی سہولتوں اور ڈاکٹروں کے بارے میں اطلاع نہیںہوتی ۔ ایسے مریضوں کی سہولت کیلئے اسپتالوں کو کیوسک مشین دستیاب کرائی گئی تھیں۔ تقریباً ۷۵ہزار روپئے کی لاگت سے خریدی گئی ان مشینوں کا آج کوئی پرسان حال نہیں۔ وقت گذرنے کے ساتھ ہی مشینوں کو اسٹور روم میں بند کردیاگیا ۔ آج حالات یہ ہیں کہ ذمہ دار افسران کو مشینوں کی وارنٹی اور گارنٹی کے کاغذات کا پتہ نہیں ۔ کہا جارہاہے کہ دستاویز کی تلاش کی جارہی ہے۔ ملازمین بتاتے ہیں کہ مشین بہت ہی مفید تھی بغیر کسی سے کچھ دریافت کئے ڈاکٹر سے لیکر ریڈیا لوجی ، پیتھا لوجی کی جانچ اور وارڈ نمبر جیسی مکمل اطلاعات بڑی آسانی سے مل جاتی تھیں ۔کیوسک مشین ہیلپ ڈسک سے زیادہ مریضوں کی مدد کرتی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہناہے کہ مشینیں کچھ عرصے بعد خراب ہوگئیں انہیں بنوانے کے لئے ڈائریکٹریٹ کو خط بھیج کر اطلاع دی جاچکی ہے۔ حقیقت پر غور کریں تو شیاما پرساد مکھر جی سول اسپتال میں پانچ ماہ قبل کیوسک مشین خراب ہوئی تھی ۔ شکایت کرنے کے باوجود اس کی مرمت نہیں کرائی گئی ۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ خط وکتابت کے دوران مشین کا سی پی یو بھی چوری ہوگیا۔
اسپتال انتظامیہ نے اپنے خرچ پرسی پی یو لگوایا ہے لیکن مشین دوبارہ چالو نہیں ہوپائی۔متبادل بندوبست کرتے ہوئے اسپتال انتظامیہ نے ہیلپ ڈسک کھول دی۔ پورے معاملے میں اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر آشوتوش دوبے نے بتایا کہ مشین کا کوئی پارٹس چوری نہ ہواس لئے اسے اسٹور روم میں رکھوادیا گیا۔ مشین کو دوبارہ بنوانے کیلئے سبھی متعلقہ افسران کو خط بھیجا جا چکاہے۔ ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اسپتال میں بھی مشین خراب ہوئے تقریباً تین ماہ ہوچکے ہیں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ایم ایل بھارگو کے مطابق این ایچ ایم ، سی ایم او اور مشین لگانے والی فرم کو اس سلسلے میں خط بھیج دیا گیاہے۔