نئی دہلی:جنوب مغربی مانسون بھلے ہی اس سال ایک ہفتے دیر سے آیا ہے لیکن خوش خبری یہ ہے کہ اس سال مانسون دیر تک مہمان رہے گا۔وزارت ارضیات کے سکریٹری ایم راجیون نے آج یہاں ایک پروگرام کے بعد بتایا کہ بحرالکاہل میں فعال ”لا نینا ”کے اثر کی وجہ سے اس سال زیادہ بارش ہوگی اور مانسون دیر تک رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ لا نینا کا اثر شروع ہوچکا ہے لیکن ستمبر -اکتوبر کے مہینے میں اس کے زور پکڑنے کی امید ہے ۔
لا نینا کے اثر میں بارش معمول سے زیادہ ہوتی ہے ۔دراصل لانینا اور ال نینا بحرالکاہل کے دو قدرتی دھارے ہیں اور ان کا اثر دنیا بھر کو متاثر کرتا ہے ۔ال نینا سے درجہ حرارت میں اضافہ ہوتا ہے ۔جبکہ لا نین اسے درجہ حرارت میں کمی آتی ہے ۔مسٹر راجیون نے کہا کہ جولائی میں بارش تقریباً اوسط کے برابر ہی ہوگی جبکہ اگست میں اس کے اوسط سے زیادہ ہونے کی امید ہے ۔
اس سے پہلے 2جون کو محکمہ موسمیات نے مانسون کے لئے دوسرے مرحلے کی پیشن گوئی میں کہا تھا کہ جولائی میں بارش طویل عرصے کی اوسط کی 107 فیصد اور اگست میں 104فیصد رہنے کا اندازہ ہے ۔گزشتہ دو سال سے مانسون کے دوران کم بارش ہونے سے اس وقت دیہی معیشت کمزو ر ہے ۔
کسانوں کی ساری امید اس سال اچھے مانسون کی پیشن گوئی پر ٹکی ہوئی ہیں۔محکمہ موسمیات نے اس سال اوسط سے زیادہ 106فیصد بارش کی پیشن گوئی کی ہے لیکن مسٹر راجیون نے کہا کہ یکم جون سے اب تک ملک میں اوسط سے ایک فیصد کم بارش ہوئی ہے ۔مانسون نے ایک ہفتے کی تاخیر سے کیرالہ کے ساحل پر 8جون کو دستک دی تھی ۔