نئی دہلی،22جنوری(یو این آئی)ریڈیو کے ذریعہ ہندوستانی عوام کے ساتھ سیدھی بات کرنے کے لئے شروع ک
یا گیا وزیر اعظم کاریڈیو پروگرام‘من کی بات’کے 27جنوری کو نشر ہونے والا پروگرام اپنے آپ میں منفرد ہوگا کیوں کہ اس مرتبہ اس میں وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ امریکی صدر براک اوبامہ بھی اپنے خیالات ظاہر کریں گے ۔وزیر اعظم مسٹر مودی نے اپنے ٹیوئٹر پیغام میں لکھا ہے کہ اس ماہ ہونے والا پروگرام من کی بات بہت خاص ہونے جا رہا ہے ۔ اس مرتبہ یوم جمہوریہ کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کر رہے امریکی صدر اور میں دونوں ہی ریڈیو کے ذریعہ اپنے خیالات عام لوگوں تک پہونچائیں گے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ میں مسٹر اوبامہ کے ساتھ27جنوری کو نشر ہونے والے پروگرام من کی بات کے سلسلے میں کافی پرجوش ہوں۔انہوں نے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ امریکی صدر کے ساتھ من کی بات پروگرام آپ لوگوں کی شرکت کے بغیر پورا نہیں ہو سکتاہے اس لئے 25جنوری تک آپ ہمیں اپنے سوالات ضرور بھیج دیں۔