پٹنہ، 25 اپریل (یو این آئی) بہار میں پٹنہ کی ضلع اور سیشن عدالت نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور اشتعال انگریز بیان کے الزام میں آج بھارتیہ جنتا پارٹی کے سرکردہ لیڈر اور نوادا سے پارٹی کے امیدوار گری راج سنگھ کو پیشگی ضمانت دے۔ضلع اور سیشن جج ویریندر کمار کی عدالت میں مسٹر سنگھ کے وکیل جناردن رائے نے کہا کہ ان کے بیان میں طاقت لفظ کا مطلب فرقہ پرست اور دہشت گردانہ طاقتوں سے تھا۔ مسٹر رائے نے مزید کہا کہ بیان میں کسی ذات، فرقہ یا قوم کیلئے کوئی لفظ استعمال نہیں کیا گیا ہے۔مسٹر رائے نے یہ بھی دلیل دی کہ جب انتظامیہ نے انہیں نوٹس بھیجا تو مسٹر سنگھ نے اس تعلق سے اپنے موقف کو بھی رکھا جسے ایف آئی آر میں درج نہیں کیا گیا ہے۔
دوسری طرف استغاثہ کی جانب سے سرکاری وکیل منی کانت جھانے جوابی بحث کی۔ دونوں فریقوں کی بات سننے کے بعد عدالت نے مسٹر سنگھ کو ضمانت دے دی۔ عدالت نے مسٹر سنگھ کو پیشگی ضمانت کے لئے قانونی شرائط کی تابع داری کرنے کی بھی ہدایت دی۔واضح رہے کہ مسٹر گری راج سنگھ نے گزشتہ دنوں جھارکھنڈ میں دیئے جانے والے اپنے اشتعال انگیز بیان کو پٹنہ ایرپورٹ پر میڈیا کے سامنے دوہرایا تھا۔ اسی بنیاد پر پٹنہ ضلع انتظامیہ نے مسٹر سنگھ کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 171(ای) 153 (اے) 536 (بی) 295 (اے) اور 505 (2) سمیت مختلف دفعات کے تحت پٹنہ ہائی کورٹ تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی تھی۔