جموں : بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے خود کو ریل ہیرو بتاتے ہوئے سرحدی حفاظتی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں کو اصلی ہیرو قرار دیا۔ منگل کو یہاں فرنٹیئر ہیڈکوارٹر میں بی ایس ایف اہلکاروں سے بات کرتے ہوئے اکشے کمار نے کہا ‘میں تو صرف ریل ہیرو ہوں لیکن آپ تو اصلی ہیرو ہیں’۔
انہوں نے کہا ‘میں فلموں میں کھلونے کی بندوقوں سے کھیلتا ہوں لیکن آپ سرحدوں پر اصلی بندوقیں تھامے رہتے ہو۔ آپ تو بڑے دل والے ہو’۔ اکشے کمار نے کہا کہ بی ایس ایف اہلکاروں کو اُن کی جگہ اسٹیج پر ہونا چاہیے تھا اور انہیں میدان میں۔ 48 سالہ اکشے نے کہا ‘آپ لوگ ہیں تو ہم ہیں۔ آپ لوگ ہیں تو ہندوستان ہے ‘۔
انہوں نے کہا ‘مجھے آپ کے ساتھ یہاں وقت گذار کر فخر محسوس ہورہا ہے ۔ یہ میرے لئے فخر کا لمحہ ہے ‘۔ اس سے قبل ہیدکوارٹر میں داخل ہونے کے فوراً بعد اکشے کمار نے بی ایس ایف کے اسکولی بچوں کے ساتھ بات چیت کی اور میموریل پر پھول مالائیں رکھیں۔
بی ایس ایف ذرائع نے بتایا کہ اکشے کمار جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے آئے ہوئے ہیں۔ جموں میں 21 اکتوبر کے بعد اب تک سرحد پار گولہ باری کے نتیجے میں 3 بی ایس ایف اہلکار ہلاک جبکہ 2 دیگر زخمی ہوگئے ۔
اس دوران اکشے کمار کو دیکھنے کے لئے مقامی لوگوں اور بی ایس اہلکاروں کے افراد خانہ کی ایک بڑی تعداد ہیڈکوارٹر میں جمع ہوئی۔ کئی ایک لوگ اکشے کے ساتھ سیلفی بنانے میں بھی کامیاب ہوگئے ۔