لکھنؤ(نامہ نگار)۔ ریاستی کانگریس صدر ڈاکٹر نرمل کھتری کی ہدایت پر شہر کانگریس نے بدھ کو کلکٹریٹ پر مظاہرہ کیا۔ امت شریواستو تیاگی کی قیادت میں ہوئے مظاہرے میں سینئر لیڈر شامل ہوئے ۔ کانگریس نے مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ کے افسران کو عرضداشت سپرد کرکے اضافی شرح واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔مظاہرہ میں کانگریس ، قانون ساز کونسل کے لیڈر نصیب پٹھان ، سابق رکن اسمبلی شیام کشور شکلا ، ترجمان وریندر مدان ، اوم کار ناتھ سنگھ ، پرمود سنگھ ، معروف خان سمیت بڑی تعداد میں کانگریسی لیڈر شامل تھے ۔
ریاستی کانگریس نے بدھ کو ریاست کے متعدد اضلاع میں بجلی کی اضافی شرح
اور اس پر تین مہینے کی روک کے خلاف مظاہرہ کیا ۔ ضلع صدر دفاتر پر ہوئے مظاہرے کی قیادت پارٹی کے سینئر لیڈروں نے کی ۔ مظاہر ہ کے ذریعہ گورنر کو مخاطب عرضداشت ضلع انتظامیہ کے افسران کو سونپی گئی ۔ جس میں بجلی اضافی شرح کو واپس لیئے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ ریاستی کانگریس کے صدر ڈاکٹر نرمل کھتری نے امبیڈکر نگر میں مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے دیہی علاقوں میں تین مہینے کے لئے اضافی قیمت پر روک لگا کر کسانوں اور عام آدمیوں کو دھوکہ دینے کا کام کیا ہے ۔ امبیڈکر نگر کلکٹریٹ میں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر مجسمہ احاطہ میں مظاہرے کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت میں غنڈہ گردی زوروں پر ہے ، نظم و نسق برباد ہے ، مجرمین بے خوف ہو کر جرائم کررہے ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اپنے فرقہ پرست ایجنڈہ پر کام کررہی ہے جس سے ریاست میں فرقہ پرستی میں اضافہ ہورہا ہے ۔مظاہرہ میں ضلع صدر معراج الدین ، سابق وزیر ڈاکٹر مسعود ، سابق رکن اسمبلی ششی شرما ، سابق رکن اسمبلی جے رام ومل ، اشوک سنگھ سمیت دیگر کانگریسی لیڈر و کارکنان شامل تھے ۔ پارٹی کے کمیونیکیشن محکمہ کے چیئر میں ستیہ دیو ترپاٹھی نے بتایا کہ ریاست کے تمام اضلاع میں دھرنا و مظاہرہ کیا گیا ۔ مسٹر ترپاٹھی نے بتایا کہ جونپور میں سابق ریاستی صدر ارون کمار سنگھ منا ، رکن اسمبلی ندیم جاوید ، فیض آباد ضلع صدر رام داس ورما ، شہر صدر شکیل انصاری ، کشی نگر میں ضلع صدر اجے کمار للو ، گورکھپور میں ضلع صدر سید جمال و شہر صدر ارون کمار اگرہری ، بدایوں میں ضلع صدر ساجد علی اور شہر صدر نریش گپتا ، غازی پور ، مرادآباد ، سیتاپور ، امروہہ ، مئو ، اعظم گڑھ ، سدھارتھ نگر ، بلرام پور ، گونڈہ ، بہرائچ ، اناؤ،ہردوئی سمیت دیگر اضلاع میں پارٹی کے ضلع و شہر صدر اور سینئر لیڈروں کی قیادت میں مظاہرہ کیا گیا ۔