نئی دہلی: دہلی میں آلودگی کم کرنے کے لئے نئے سال سے جفت طاق فارمولہ نافذ ہونے کے بعد دہلی حکومت نے آج کہا کہ میٹرو اور بسوں میں مسافروں کو لے جانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کرلئے گئے ہیں۔ دہلی کے وزیر ٹرانسپورٹ گوپال رائے نے نامہ نگاروں سے کہا کہ گاڑی مالکان سے شہر میں آلودگی کی سطح کو کم کرنے کے لئے جفت طاق فارمولے کی حمایت جاری رکھنے کی اپیل کی گئی ہے ۔ مسٹر رائے نے لوگوں سے اپنے پڑوسیوں اور دوستوں کے ساتھ کارپولنگ کرنے کی اپیل کی ہے ۔مسٹر رائے نے کہا،‘‘جفت طاق فارمولے کے پہلے دو دنوں کے دوران لوگوں کے خیال کے مطابق کل 80 فیصد لوگوں نے اپنی گاڑی کو گھر پر ہی کھڑی رکھی ۔ میں گاڑی مالکان سے اپیل کروں گا کہ وہ اس طریقے کو اپنائیں ۔ لوگ اضافی کار پولنگ کے لئے ‘‘پوچھو ایپ’’ کا استعمال کر سکتے ہیں۔ اس ایپ پر چار ہزار سے زیادہ لوگ پہلے ہی رجسٹر کئے جا چکے ہیں’’۔انہوں نے کہا کہ بھیڑ کو کنٹرول کرنے کے لئے بسوں اور میٹرو کی تعداد 32 فیصد تک بڑھا دی گئی ہے اور آج سے 20 فیصد اور مزید بڑھائي گئی ہے ۔ دہلی حکومت نے کچھ لوگوں کی طرف سے بدنظمی پھیلانے کے منصوبے بنائے جانے کے سلسلے میں دہلی پولیس سے قانون و انتظام برقرار رکھنے کے لئے 100 اضافی ٹیمیں تعینات کرنے کی اپیل کی ہے ۔