نئی دہلی، 14 جنوری (یو این آئی)سپریم کورٹ نے ہندستان ماہی گیروں کے قتل کے ملزم اطالوی بحریہ کے جوان ماسی ملیانو لاتورے کے اٹلی میں قیام کی مدت میں آج تین ماہ کی توسیع کردی۔عدالت عظمی کی ایک نئی بنچ نے لاتورے کی درخواست قبول کرتے ہوئے اسے مزید تین ماہ اٹلی میں قیام کی اجازت دے دی ہے ۔ لاتورے گزشتہ برس ستمبر سے اٹلی میں مقیم ہے جہاں اس کے دل کی سرجری ہونی ہے لاتورے کے قیام کی مدت 13 جنوری کو ختم ہوگئی ہے ۔خیال رہے کہ چیف جسٹس ایچ ایل دتو کی بنچ نے پیر کو لاتورے کی عرضی پر سماعت سے خود کو الگ کرلیا تھا اور اس عرضی کو نئی بنچ کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت دی تھی۔جسٹس دتو نے کہا کہ ہم نے متعلقہ عرضی پر پہلے اپنا اعتراض درج کرایا ہے ۔ اس لئے اب ان کے لئے اس کی سماعت کرنا مناسب نہیں ہوگا، حالانکہ اس
دوران معاملے میں کئی موڑ آئے ہیں۔ ایسی صورت میں دوسری بنچ بدھ کو سماعت کرے گی۔