لکھنؤ(نامہ نگار)راجدھانی لکھنؤ سے اتوار کے روز شیعہ عازمین حج کے قافلے کو ریاست کے اقلیتی بہبود وزیر محمد اعظم خاں نے سروجنی نگرواقع حج ہاؤس سے روانہ کیا۔ دوپہر تقریباً پونے ایک بجے مسٹر خان نے شیعہ عازمین حج کی پہلی بس کو ہری جھنڈی دکھا کر ہوائی اڈہ کیلئے روانہ کیا۔ آج لکھنؤ کے چودھری چرن سنگھ ہوائی اڈہ سے دوپہر بعد ۵۰:۲بجے پہلی پرواز سے کل ۳۵۰ عازمین حج مدینہ کیلئے روانہ ہوئے ان میں ۱۰۳ شیعہ عازمین بھی شامل تھے۔ دوپہر ۳۰:۱۲بجے حج ہاؤس پہنچے محمد اعظم خاں نے عازمین حج سے سفر کے دوران ملک و ر
یاست میں ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی اپیل کی۔
انہوں نے اس موقع پر مسلمانوں میں فرقہ بندی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر مجھے کوئی شیعہ کہے تو مجھے اچھا لگے گا میں نے آج تک مسلمانوں کے کسی بھی فرقہ میں فرق نہیں سمجھا چاہے وہ شیعہ ہوں ، سنی ہوں، بریلوی ہوں یا دیوبندی۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کو باہمی بھائی چارہ کی ضرورت ہے اور یہ بھائی چارہ ہمیں آپس میں مل کر قائم کرنا ہوگا۔ ہمیں ایسے معاملات سے پرہیز کرنا چاہئے جن میں تفرقہ ہو۔
لکھنؤ کے علاوہ ریاست کے عازمین حج وارانسی سے بھی دوپروازوں سے روانہ ہوئے۔ وارانسی سے کل ۶۰۰عازمین حج روانہ ہوئے۔اس کے علاوہ مغربی اتر پردیش کے عازمین حج دہلی سے بھی روانہ ہوئے۔ دہلی کی دوپروازوں سے کل ۱۷۸ عازمین حج روانہ ہوئے ۔ ریاستی حج کمیٹی کے سکریٹری ڈاکٹر سلطان احمد کے مطابق اتوار کے روز ریاست کے کل ۱۱۲۸عازمین حج مدینہ کیلئے روانہ ہوئے۔ اب تک کل۱۹۷۳۲عازمین حج روانہ ہو چکے ہیں۔