رام پور (نامہ نگار)سماجوادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری وکابینی وزیر محمد اعظم خاں پر الیکشن کمشین کی پابندی کے بعد سماجوادی پارٹی کارکنان مظاہرے کے ذریعہ مخالفت کررہے ہیں۔دوسری جانب گزشتہ دنوں رام پور میں ووٹنگ کے دوران مبینہ طور پر سماجوادی پارٹی کارکنان کے ذریعہ بوتھ پر قبضہ کرلیا گیاتھا۔اس معاملے میں دو افراد کو گرفتار کرلیاگیا جس کی وجہ سے پارٹی کے کارکنان مشتعل ہوگئے اور انتظامیہ کے خلاف مظاہرہ کرنے لگے۔
پارٹی کے کارکنان کثیر تعداد میں دفتر پر جمع ہوگئے اور انتظامیہ کے خلاف نعرے لگانے لگے۔انتظامیہ نے حفاظت کے پیش نظر کثیر تعداد میں پولس عملہ کو تعینات کردیا ۔اسی دوران سماجوادی پارٹی کارکنان کا جلوس ایس پی کے دفتر پر پہنچ گیاجہاں پارٹی کے کارکنان دھرنے
پر بیٹھ گئے۔اس موقع پر منعقدہ جلسہ میں مقررین نے کہا کہ انتظامیہ سماجوادی پارٹی کارکنان کے خلاف یکطرفہ وجانبداری کے تحت کارروائی کررہاہے۔واضح رہے کہ محلہ گھیر حسن خاں میں واقع ماڈرن پبلک اسکول میں بوتھ پرنا معلوم افراد نے قبضہ کرلیا تھا۔بوتھ پر تعینات ریٹرننگ افسر والیکشن ملازمین کو یرغمال بنالیا گیاتھا۔اور ریکارڈنگ کرنے والے پولس اہلکار کا موبائل اور کیمرہ بھی چھین لئیگیاتھا۔الیکشن کمیشن نے مذکورہ بوتھ پر دوبارہ ووٹ ڈالنے کا حکم دیا تھا۔اس معاملہ میں تین نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیاتھا۔پولس نے ان میں سے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔
مذکورہ کارروائی سے سماجوادی پارٹی کے لیڈر مشتعل ہوگئے اور انہوں نے انتظامیہ کے خلاف مظاہرہ کیا۔اسی کے تحت آج ایس پی کی رہائش گاہ پر دھرنا دیا گیا۔اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پہلے اعظم خاں کے خلاف کارروائی کی اب پارٹی کے کارکنان کا استحصال کیا جارہاہے۔ مظاہرین نے کہا کہ وہ الیکشن کمیشن سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ سماجوادی پارٹی کے امیدوار نصیر خاں، ضلع صدر،میڈیا انچارج، فصاحت خاں، افروزخاں، سلیم قاسم وغیرہ موجود تھے۔