امروہہ۔ ریاستی کابینہ کے سینئر وزیر محمد اعظم خاں کے خلاف الیکشن کمیشن کے ذریعہ عائد پابندی کو ختم کرنے کا مطالبہ ساموہک سنگھرش سمیتی نے کیا ہے۔ صدرجمہوریہ ہند کو ارسال کردہ عرضداشت میں کہاگیا ہے کہ گزشتہ کچھ برسوں سے موقع پرست اور اقتدار کے لالچی لیڈروں کے ذریعہ ہندوستان کے پرامن عوام کو مذہبی سیاست کا شکار بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ایسے موقع پرست لیڈروں سے ملک کی سالمیت کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔اسی کے پیش نظر اترپردیش کے کابینی وزیر اعظم خاں کے ذریعہ کارگل کی جنگ میں دیگر فوجیوں کے ساتھ مسلمان فوجیوں کی قربانی کا ذکر کیاگیاتھا۔جو الیکشن کمیشن اور فرقہ پرست طاقتوں کو ناگوار گذرااور الیکشن کمیشن نے اعظم خاں کے خلاف پابندی عائد کردی۔جبکہ موقع پرست اور فرقہ پرست لیڈر کھلے عام اشتعال انگیز تقریروں کے ذریعہ ہندو مسلمانوں کے درمیان نفرت کی دیوار کھڑی کررہے ہیں۔اس لئے کمیشن کے ذریعہ عائد پابندی کے سلسلہ میں مداخلت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ضروری ہدایت جاری کی جائیں۔