رام پور (نامہ نگار)اترپردیش کابینہ کے سینئر وزیر وجوہریونیورسٹی کے وائس چانسلر اعظم خاں نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے سے قبل پرائمری تعلیم کو بہتر بنانا چاہئے۔ کابینی وزیر ضلع کوآپریٹو بینک جلسہ گاہ میں گورنمنٹ رضا پوسٹ گریجویٹ کالج کے ذریعہ منعقدہ سیمینار میں مہمان خصوصی کے طور پر تقریر
کررہے تھے۔ ہندوستان میں اعلیٰ تعلیم سے متعلق مسائل موضوع پر منعقد سیمینار کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم کے مندروں سے یہ سازش ہوتی ہے جو نہیں ہونی چاہئے کیونکہ یہ سب کچھ برباد کردے گی۔ اس لئے لوگوں کو آگے بڑھ کر تعلیم حاصل کرنی چاہئے۔ باہر سے لوگوں کو تعلیمی ادارے کھولنے چاہئے ۔ انہوں نے بچوں کی اخلاقی تعلیم پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ہفتہ میں کم سے کم ایک مرتبہ کالج میں اخلاقی تعلیم دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جوہر یونیورسٹی کو اعلیٰ مقام دلانا ہے۔ نوجوانوں سے انہوں نے کہا کہ جب تک وہ وہ راتوں رات امیر بننے کا خواب نہیں ترک کریں گے اسی وقت وہ ہندوستان کے بازارکو ترقی دے سکتے ہیں۔اس کے لئے ایمانداری کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر اعلیٰ تعلیم کے ڈائریکٹرنویدبہار خاں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کو بہتر بنانے کا آغاز پرائمری سطح سے کیا جانا چاہئے جب بنیاد صحیح ہوگی تو نتائج بہتر ہوں گے۔ اے ایم یو کے پروفیسر ناظم علی، چھترپتی شاہو جی مہاراج یونیورسٹی کانپور کے پروفیسر ایس جی اگروال ، بریلی کے ڈاکٹر برجیش کمار نے اعلیٰ تعلیم میں پھیلی ہوئی بدعنوانیوں کو حل کرنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر یونیورسٹی چیف پراکٹر ڈاکٹر شریف احمدقریشی کی کتاب چراغ تلے اندھیرا کا اجراء کیا گیا۔ سمینار کے دوسرے مرحلہ میں اے ایم یو علی گڑھ، لکھنؤ یونیورسٹی، روہیل کھنڈ یونیورسٹی ، جامعہ ملیہ اسلامیہ، الہ آباد یونیورسٹی، دیہی یونیورسٹی ، میرٹھ یونیورسٹی وغیرہ کے ریسرچ اسکالر نے مقالات پیش کئے۔