لکھنؤ(نامہ نگار)پی جی آئی علاقہ سے جون ماہ میں غائب ہوئی لڑکی ایک ٹھیکہ دار کے منشی کے ساتھ گڑگاؤں میں ملی ۔ پی جی آئی پولیس نے لڑکی کو برآمد کرتے ہوئے کورٹ میں پیش کیا ۔لڑکی نے ٹھیکہ دار کے منشی سمیت کئی دیگر لوگوں پر عصمت ریزی کاالزام عائد کیا ہے ۔پولیس نے ملزم منشی کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا ہے ۔وہیں ٹھیکہ دار کے غائب ہونے کے معاملہ میں اس کے اہل خانہ نے ٹھیکہ دار کے خلاف منشی کو غائب کرنے کی رپورٹ نگرام تھانہ میں درج کرارکھی تھی ،نگرام کے اتلی کھیڑا کا رہنے والاراہل تیلی باغ واقع ورندا بن اسکیم میں ٹھیکہ دار وویک ورما کا منشی تھا وہ وویک کے ساتھ گزشتہ ۸برسوں سے کام کررہا تھا ۔بتایا جاتا ہے کہ جون ماہ میں راہل ورندا بن میں سائٹ پر کام کے دوران ایک لڑکی کو لے کر بھاگ گیا تھا اس کے
بعد اس معاملہ میں اس کے خلاف پی جی آئی کوتوالی میں رپورٹ بھی درج کرائی گئی تھی ۔وہیں راہل کے اہل خانہ نے راہل کے غائب کرنے کا الزام اس کے ٹھیکہ دار وویک ورما پر عائد کرتے ہوئے نگرام تھانہ میں رپورت درج کرائی تھی ۔تفتیش کے دوران پی جی آئی پولیس کو راہل اور لڑکی کے گڑگاؤں میں رہنے کی اطلاع ملی ۔ اس کے بعد پی جی آئی پولیس گڑگاؤں پہنچی اور لڑکی کو بخیریت برآمد کرتے ہوئے ملزم راہل کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے اس کے بعد لڑکی کا جھلکاری بائی اسپتال میں میڈیکل جانچ کرائی اور لڑکی کو عدالت میں پیش کیا ۔ لڑکی نے راہل کے ساتھ ساتھ اس کے کئی دوستوں پر عصمت ریزی کاالزام عائد کیا ہے ۔ فی الحال پولیس نے راہل کو گرفتار کرلیا ہے اور معاملہ کی تفتیش میں مصروف ہے۔