لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ اندرا نگر علاقہ میں دن دہاڑے ایک لڑکی کا اغوا کرلیا گیا۔ واردات کی اطلاع ایک شخص نے ۱۰۰ نمبر ڈائل کر کے پولیس کو دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس پریشان ہو گئی۔ فوری اس معاملہ کی جانچ میں مصروف ہوئی تو پتہ چلا کہ در اصل لڑکی کا اغوا نہیں بلکہ اس کا بھائی اسے ٹیمپو پر بٹھاکر لے گیا تھا ان کے درمیان کسی بات کو لیکر کہا سنی ہو گئی تھی۔ اس کے بعد پولیس نے راحت کی سانس لی۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ایک شخص نے پولیس کنٹرول روم پر اطلاع دی کہ اروند پارک کے نزدیک آر ایل بی اسکول کے سامنے ٹیمپو سے کچھ لوگ جبراً ایک لڑکی کو اغوا کر کے لے گئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کارروائی میں مصروف ہوگئی۔ گھنٹوں پریشان ہونے کے بعد پولیس کو پتہ چلا کہ ایک لڑکی اپنے بھائی سے کسی بات پر ناراض تھی۔
اس کا بھائی دوستوں کے ساتھ اسے لینے آیا تھا لیکن لڑکی جانے سے منع کررہی تھی جس پر اس نے جبراً بہن کو ٹیمپو میں بٹھا دیا اور لیکر چلا گیا۔ پولیس نے معاملہ کی تصدیق کی جس کے بعدراحت کی سانس لی۔ ادھر اغوا کی خبر ملتے ہی تھانہ پر میڈیا والوں نے فون کرنا شروع کر دیاحالانکہ بعد میں معاملہ فرضی نکلا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اغوا کی اطلاع دینے والے نے غلط فہمی میں اطلاع دی۔