لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ اسمبلی کے سامنے مظاہرہ کرتے ہوئے اقلیتی مورچہ نے اکھلیش حکومت پر جم کر حملہ بولا۔ مظاہرہ کے دوسرے دن کی قیادت کررہے ریاستی نائب صدر شیو پرتاپ شکلا نے کہا کہ ریاستی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو گئی ہے۔ نظم و نسق، عوامی مسائل کو لیکر جس طرح ریاست میںافراتفری کا ماحول ہے اس سے لگتا ہے کہ اترپردیش میں کوئی حکومت ہی نہیں ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی اکھلیش حکومت کے اس رویے کی مخالفت میں سڑکوں پراترے گی۔ اپنے طے شدہ پروگرام کے تحت صبح سے ہی ریاستی دفتر پر اقلیتی مورچہ اپنے کارکنان کے ساتھ مظاہرہ کی تیاریوں میں مصروف ہوگیا تھا۔ دو پہر تقریباً بارہ بجے ریاستی نائب صدر شیو پرتاپ شکلا کی قیادت میں مورچہ کی ریاستی صدر رومانا صدیقی نے کارکنان کے ساتھ اسمبلی کے سامنے مظاہرہ کیا۔ رومانا نے ریاستی حکومت پر اقلیتوںکے
استحصال کاالزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سماج وادی پارٹی نے اپنے کسی وعدہ کو پورا نہیں کیا۔
مسلمانوںکی سچی ہمدرد ہونے کا دعویٰ کرنے والی ایس پی حکومت صرف مسلمانوں کا استحصال کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں مسلمان محفوظ نہیں ہیں، فسادات میں مسلمانوں کے ساتھ کیا ہوا یہ سب جانتے ہیں۔ مسلمانوں کے ریزرویشن کا معاملہ اٹھانے والی سماج وادی پارٹی حکومت خاموشی سے مسلمانوں کی بدحالی دیکھ رہی ہے۔ بی جے پی اب اسے برداشت نہیں کرے گی۔ بی جے پی اقلیتی مورچہ کے کارکنان نے ہر لمحہ پولیس کو فریب دے کر پتلا نذر آتش کرنے کی کوشش کی لیکن موقع پر تعینات پولیس اہلکاروں نے اسے کامیاب ہونے نہیں دیا۔ دوپہر بعد موقع پاکر جب کارکنان نے ریاستی حکومت کا پتلا نذر آتش کرنے کی کوشش کی تو اچانک پولیس اہلکار پتلا لیکر فرار ہو گیا۔ کارکنان تماشائی بنے رہ گئے۔ کارکنان جب ریاستی دفتر سے اسمبلی راستے کے گیٹ سے باہر نکلنے لگے تو پہلے پولیس والوں نے مستعدی دکھائی۔ ایسا لگا کہ سخت جھڑپ ہو سکتی ہے لیکن پاس آکر پولیس ایک دم خاموش ہو گئی اورکارکنان کو خاموشی سے مظاہرہ کرنے کی نصیحت دینے لگی۔ اس دوران کئی کارکنوں نے ریاستی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی تو پولیس اہلکار ہوشیار ہو گئے لیکن اپنی جگہوں پر مستعد کھڑے خاموش رہے۔
جمعہ کو اکھلیش حکومت کی کسان مخالف پالیسی کے سبب ریاست کے ناراض کسان اسمبلی کا گھیراؤ کریں گے۔ بی جے پی کسان مورچہ کے مظاہرہ کی قیادت ریاستی بی جے پی صدر ڈاکٹر لکشمی کانت باجپئی اور کسان مورچہ کے ریاستی صدر وجے پال سنگھ تومر کریں گے۔ پروگرا م انچارج کے طور پر سابق وزیر و ممبر اسمبلی دھرم پال سنگھ بھی موجود رہیں گے۔ مظاہرہ میں کسان مورچہ ریاست میں کسانوں کو کاشتکاری کیلئے بجلی کی مسلسل فراہمی، شکر ملوں کو بقایا ادائیگی، فرٹیلائزر بیج کی فراہمی، زرعی پیداوار خرید مرکز کا بندوبست، قدرتی آفات معاوضہ، زرعی پیداوار ذخیرہ کا مکمل بندوبست وغیرہ مدعے اٹھائے گا۔