ڈومریا گنج(نامہ نگار) پارلیمانی انتخاب میں ڈومریاگنج سے امیدوار اور پیس پارٹی قومی صدرڈاکٹر محمد ایوب نے انتخابی جلسہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ یہ وقت مسلمانوں کے لیے اچھا نہیںہے۔ سیاسی پارٹیاں جس سطح پر مسلمانوں کا استحصال کررہی ہیں، اسے برداشت کرنا اب ہر مسلمان کے لیے مشکل ہوگیا ہے۔ اسی لیے پیس پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں مسلمانوں کو بہتر مستقبل اور سیاسی شناخت دینے کا وعدہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ حکومت میں آنے کے بعد مسلمانوں کے تمام مسائل کاحل تلاش کریں گے۔ ڈومریا گنج کے باشندگان نے کہا کہ ڈاکٹر محمد ایوب کی کامیابی یقینی ہے یہاں کے مسلمانوں کو اس بات کا یقین ہے کہ جلد ہی ان کے تمام مسائل کو حل کردیا جائے گا۔ڈومریا گنج میںڈاکٹر محمد ایوب کی ’پد یاترائوں‘ میںبھی پارٹی کارکنان میں جوش دیکھا جارہاہے۔ ڈاکٹر محمد ایوب زمینی حقیقتوں سے واقف ہیں۔ اور یہی وجہ ہے کہ یہاں کے ہر طبقہ کے لوگوں میں ان کی مقبولیت بڑھتی جارہی ہے۔ خود ڈاکٹر محمد ایوب اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ اس علاقے میں کامیاب ہونے کے باوجود لیڈران اس طرف کا رخ نہیں کرتے اور یہاں کے مسائل کو نظر انداز کرتے ہیں لیکن پیس پارٹی اب ایسا نہیں ہونے دے گی۔ عوام نے مجھ پر بھروسہ کیا ہے تو میری کوشش ہوگی کہ میں
ڈومریا گنج کو ایک مثال بنا کر دنیا کے سامنے پیش کروں۔
ڈاکٹر محمدایوب کے مطابق اب ملک کا مسلمان سیاسی پارٹیوں کے سبز باغ اور جھوٹے وعدوں کو پہچان چکا ہے۔ اب وہ نہ صرف اپنی شناخت چاہتا ہے بلکہ وہ سیاسی حصہ داری بھی کرتا ہے۔ اور یہ سیاسی حصہ داری اسی وقت حاصل ہوگی جب سیاست میں ایسے لوگ ہوں گے جو پارٹیوں کے غلام نہیں بنیں گے بلکہ مسلمانوں کی آواز کو اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا، پیس پارٹی کا مقصد ہی مسلمانوں کو ان کی سیاسی حیثیت، شناخت دلانا ہے۔