وارسا، 23 نومبر:گلوبل وارمنگ کے تعلق سے ہونے والی 200 ممالک کی کانفرنس تعطل کا شکار ہوگئی ہے۔ اس کی ناکامی کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ شرکاء گلوبل وارمنگ سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک کو دی جانے والی امداد کی رقم میں اضافہ کے طریقہ کار پر متفق نہیں تھے۔ یہ امدادی پروگرام 2015 میں ہونے والے ماحولیات سے متعلق کسی حتمی معاہدہ کی جانب پیشقدمی کا حصہ ہے۔
گزشتہ 2 ہفتوں سے جاری اس میٹنگ میں کوئی خاطرخؤاہ پیش رفت سامنے نہیں آئی۔اس سے قبل ترقی پذیر ممالک اور غیر سرکاری تنظیمیں میٹنگ کی سست رفتار کے باعث واک آؤٹ کرگئے۔
واضح رہے کہ بے دریغ صنعت کاری کرکے ماحؤل میں زہریلی گیس گھولنے کے ذمہ دار ترقی یافتہ ممالک نے پہلے وعدہ کیا تھا کہ وہ 2020 کے بعد ہر سال 100 ارب ڈالر کی معاشی امداد ترقی پذیر ممالک کو فراہم کریں گے جس پر وہ کاربند دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔