منیلا ۔ 3 دسمبر: اقوام متحدہ نے فلپائن میں سمندری طوفان سے متاثرہ لاکھوں افراد کی ہنگامی امداد کیلئے نئی اپیل جاری کر دی۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین کی طرف سے جاری اپیل میں کہا گیا ہے کہ اسے متاثرین کو ہنگامی بنیادوں پر ضروری اشیاء فراہم کرنے کیلئے فوری طور پر ایک کروڑ 92 لاکھ ڈالر کی رقم درکار ہے جبکہ مختلف ممالک نے اب تک مجموعی طور پر 83 لاکھ ڈالر فراہم کئے ہیں۔ اپیل میں کہا گیا ہے کہ تمام متاثرین کو ضروری امدادی اشیاء کی فراہمی کا ہدف تاحال ممکن نہیں ہوسکا تاہم ادارے کی کوشش ہے کہ متاثرین میں سے کوئی بھی شخص خوراک یا ادویات کی کمی کی وجہ سے موت کے منہ میں نہ جائے۔