نیویارک:اقوام متحدہ افغانستان میں ایک اسپتال پر فضائی حملے کی آزادانہ تحقیقات کی تائید کرنے سے پہلے اس واقعہ کی امریکہ،ناٹو اور افغان حکومت کی طرف سے انکوائری کی رپورٹ کا انتظار کرے گی۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کیمون نے ہفتہ کے روز افغانستان کے قندوز کے اسپتال پر ڈرون حملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم، انہوں نے اقوام متحدہ کی طرف سے انکوائری کی بات نہیں کہی تھی، لیکن اب ان کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے گزشتہ روز کہا کہ ابھی اضافی جانچ کی ضرورت کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ ایم ایس اسپتال پر حملے کو اقوام متحدہ انسانی حقوق کمیشن نے جنگی جرم قرار دیا ہے ۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے ترجمان نے کہاکہ “ہم امریکہ، ناٹو اور افغان حکومت کی انکوائری رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں”۔